منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

یوٹیوب نے ایک کروڑ ڈالر آمدن والے 16 بڑے اے آئی چینلز ڈیلیٹ کر دیے

اشتہار

حیرت انگیز

کیلیفورنیا (02 فروری 2026): یوٹیوب نے رواں سال مصنوعی ذہانت والے چینلز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے اے آئی سے بنائے گئے 16 ٹاپ چینلز ڈیلیٹ کر دیے۔

یوٹیوب نے مصنوعی ذہانت والے چینلز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، جس میں اے آئی سے بنے چینلز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور اس اقدام کو یوٹیوب کی جانب سے پلیٹ فارم پر مواد کے معیار کو بہتر بنانے اور اسپیم پر مبنی خودکار چینلز کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنا قرار دیا گیا ہے۔

آن لائن ویڈیو پلیٹ فارم کیپ وِنگ (Kapwing) کی تازہ رپورٹ کے مطابق یوٹیوب نے مصنوعی ذہانت سے تیار کیے گئے کم معیار کے مواد پر مشتمل 16 نمایاں چینلز ختم کیے، جنھوں نے مجموعی طور پر 4 ارب 70 کروڑ سے زائد ویوز اور 3 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز حاصل کر رکھے تھے۔

کیپ وِنگ نے نومبر 2025 میں اپنی ایک رپورٹ میں پہلی بار ان چینلز کی نشان دہی کی تھی، جس میں اے آئی کے ذریعے چلنے والے سب سے زیادہ سبسکرائب شدہ 100 نام نہاد غیر معیاری اکاؤنٹس کی فہرست جاری کی گئی تھی۔ ان میں سے بیش تر چینلز خودکار آوازوں، بار بار استعمال کی جانے والی ویڈیوز اور ایک جیسے موضوعات پر مشتمل مواد شائع کرتے تھے۔

ایپل اسٹور پر پہلی پوزیشن، نئی ایپ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا

اس رپورٹ کے بعد ان میں شامل 16 چینلز کو یا تو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا یا ان کی تمام ویڈیوز حذف کر دی گئیں۔ اندازوں کے مطابق یہ چینلز سالانہ تقریباً ایک کروڑ امریکی ڈالر کی آمدن حاصل کر رہے تھے۔

متاثرہ مقبول چینلز میں وہ بھی شامل ہیں جو اینی میٹڈ نقل شدہ ویڈیوز، مذہبی کہانیوں کے مسلسل سلسلے، اور وائرل طرز کی ویڈیوز تیار کر رہے تھے، کچھ اکاؤنٹس اب بھی یوٹیوب پر موجود ہیں تاہم ان پر کوئی ویڈیو دستیاب نہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کارروائی صرف آمدن روکنے کے بجائے مخصوص مواد کو نشانہ بنا کر کی گئی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں یوٹیوب کے چیف ایگزیکٹو نیل موہن نے کہا تھا کہ کمپنی ایسے دہرائے جانے والے اور کم محنت سے تیار کیے گئے اے آئی مواد کے خلاف اقدامات بڑھا رہی ہے جو اسپام یا فریب دہی پر مبنی ہوں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں