واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیس بک اکاؤنٹ کے بعد یوٹیوب اکاؤنٹ کو بھی دو سال بعد بحال کر دیا گیا۔
جنوری 2021ء میں کیپیٹل ہل پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے موجودہ امریکی صدر جوبائیڈن کی الیکشن میں جیت کے بعد حملہ کیا تھا جس کے بعد ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
یوٹیوب نے سابق صدر کے اکاؤنٹ پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ 2024ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا تاکہ وہ اپنی مہم بھرپور انداز میں چلا سکیں۔
پلیٹ فارم نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ہم نے ووٹرز کی خاطر پابندی ہٹائی تاکہ وہ اپنے امیدواروں کو پلیٹ فارم پر پوری طرح سن سکیں، کمپنی نے فیصلہ تمام تر صورتحال کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔
کیپیٹل ہل حملے کے بعد یوٹیوب سمیت ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سابق صدر پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کو حملہ کرنے کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے اکسایا۔
اب ڈونلڈ ٹرمپ کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹ مکمل بحال ہیں لیکن اس کے باوجود وہ انہیں استعمال کرنے کے بجائے اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ چلا رہے ہیں۔
ٹوئٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کا ہینڈل مستقیل طور پر معطل کر دیا تھا لیکن پلیٹ فارم کے نئے مالک ایلون مسک نے آتے ہی اسے بحال کرنے کے احکامات جاری کیے۔