تازہ ترین

یوٹیوب ہیڈ کوارٹرمیں خاتون کی فائرنگ کے بعد خودکشی

سکرامنٹو: شمالی کیلیفورنیا میں واقع یوٹیوب کے ہیڈکوارٹر میں خاتون نے تین افراد کو گولیاں مار کر خودکشی کرلی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان برونو میں واقع یوٹیوب کے ہیڈ کوارٹر میں خاتون کی فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور خاتون نے فائرنگ کرنے کے بعد خودکشی کرلی، ملزمہ کے پاس ایک پستول تھا تاہم ان کی شناخت ظاہرنہیں کی گئی ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا اور پولیس جائے وقوعہ پر 12 بجکر 45 منٹ کے قریب پہنچی۔

مقامی میڈیا کے مطابق زخمی ہونے والے افراد میں سے ایک ملزمہ کا بوائی فرینڈ بتایا گیا ہے جس کی حالت تشویش ناک ہے اس کے علاوہ ایک 32 سالہ خاتون اور 27 سالہ خاتون بھی زخمی ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بروقت کارروائی پرسیکورٹی اداروں کا مشکور ہوں، نیک تمنائیں زخمیوں اورمتاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ یوٹیوب کے ہیڈکوارٹر میں 1700 افراد کام کرتے ہیں اور کمپنی کی ملکیت گوگل کے پاس ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 3 مارچ کو امریکی ریاست مشی گن کی یونیورسٹی کے کیمبل ہال میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ، 17 افراد ہلاک

واضح رہے کہ رواں سال 15 فروری کو فلوریڈا کے ہائی اسکول میں 19 سالہ حملہ آور نے اسکول کے اندر گھستے ہی فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -