نئی دہلی(10 اکتوبر 2026): بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں جنتر منتر پر ہونے والے احتجاج سے قبل مشہور یوٹیوبر دھرو راٹھی اور بائیں بازو کی معروف رہنماؤں برندا کرات اور کے کے شیلجا سمیت سینکڑوں افراد کو گرفتار کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، دہلی میں ہونے والے احتجاج کو روکنے کے لیے پولیس نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا۔ بھارت کے سابق ممبر پارلیمنٹ برندا کرات، کے کے شیلجا، دھرو راٹھی اور کئی دیگر سیاسی رہنماؤں و کارکنان کو پولیس نے حراست میں لے کر بسوں میں منتقل کر دیا۔
اس دوران برندا کرات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کو یہ جان لینا چاہیے کہ بھارت کے عوام بیدار ہو چکے ہیں اور حکومت انہیں روک نہیں سکتی، کیونکہ دہلی کا دل یہاں کے تمام عوام کا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 10 اکتوبر کی رات بھر جاری رہنے والی کارروائیوں کے دوران دارالحکومت میں کم از کم 1,000 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران دہلی کے جنوب مشرقی ضلع، خصوصاً شاہین باغ اور اس کے اطراف کے علاقوں سے آدھی رات تک کم از کم 250 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
View this post on Instagram
یاد رہے کہ شاہین باغ کا یہ علاقہ 2019 میں شہریت ترمیمی قانون(سی اے اے) کے خلاف خواتین کی زیرِ قیادت ہونے والے تاریخی احتجاج کا مرکز رہا ہے۔
بھارت کی خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات سے مختلف گروپوں میں آنے والے تقریباً 500 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
حکومتی اقدامات کے تحت نئی دہلی کو 20 زونز میں تقسیم کر کے ہر زون کے لیے الگ حراستی مرکز قائم کیا گیا ہے، اور دہلی کے تمام بڑے اسٹیڈیمز کو بھی عارضی حراستی مراکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ صرف دہلی ہی نہیں بلکہ دیگر ریاستوں میں بھی مظاہرین کو روکا جا رہا ہے، جبکہ مظاہرین کو نئی دہلی پہنچنے سے روکنے کے لیے سینکڑوں میل، ایکسپریس اور مسافر ٹرینیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، بھارتی وزارتِ داخلہ نے 9 اکتوبر کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی حکومتوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ دہلی پولیس کے ساتھ مل کر کام کریں اور مظاہرین کو دارالحکومت کی طرف بڑھنے سے روکنے کے لیے سخت حفاظتی اور پیشگی اقدامات کریں۔


