نوئیڈا : بھارت کے شہر نوئیڈا میں ایک یوٹیوبر ویڈیو بناتے ہوئے کار پارکنگ میں گر کر ہلاک ہوگیا۔
بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں ایک نوجوان یوٹیوبر کئی منزلہ کار پارکنگ کی دیوار پر چڑھ کر ویڈیو بناتے ہوئے اچانک پاؤں پھسلنے کی وجہ سے گر گیا جس کے بعد اس کی موت واقع ہوگئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہلاک ہونے والے نوجوان کی عمر 18 سال کے قریب ہے، یہ یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ویڈیوز بناتا تھا۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ نوجوان کئی منزلہ کار پارکنگ پر چڑھ کر ویڈیو بنا رہا تھا اچانک پاؤں پھسلنے سے یہ حادثہ پیش آیا۔ ملٹی لیول پارکنگ کے ملازم نے پولیس کو بتایا کہ نوجوان پارکنگ میں گرل پر کھڑے ہو کر ویڈیو بنا رہا تھا، اس دوران اس کا پاؤں پھسل گیا، زمین پر سر ٹکرانے سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
ملازم نے مزید بتایا کہ نوجوان کو تشویش ناک حالت میں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن شدید چوٹ کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
پولیس حکام نے لاش کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے، پولیس یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا نوجوان کے ساتھ کوئی اور تھا یا نہیں، جس کے لیے پولیس آس پاس کی سی سی ٹی وی کیمروں کو باریک بینی سے دیکھ رہی ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوان کی شناخت کرنے کے لیے ہمیں کوئی دستاویزات نہیں ملیں، تفتیش کے وقت نوجوان کے پاس سے صرف فون ملا ہے جس میں لاک لگا ہوا ہے۔