معروف پاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے پاکستان کی فیفا رکنیت معطل کرنے کی وارننگ کے بعد حکام سے پاکستان میں فٹبال کو بچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اداکارہ یمنیٰ زیدی نے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل پر پابندی کو روکنے کے لیے کچھ کریں۔
یمنیٰ زیدی نے لکھا کہ صحت مند معاشرے کے لیے کھیلوں کا ہونا ضروری ہے، یہ ہمیں ہیروز دیتے ہیں۔ اس وقت لگتا ہے کہ پاکستان خواتین کی فٹبال ٹیم کو بہت ساری مشکلات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپیل کرتی ہوں کہ برائے مہربانی ان کی مدد کریں۔
یاد رہے کہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے وارننگ دی تھی کہ اگر پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کنٹرول فیفا کی بنائی گئی نارملائزیشن کمیٹی کو نہ دیا گیا تو پاکستان کی فیفا رکنیت معطل کی جاسکتی ہے۔