لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما زعیم قادری انتقال کر گئے، ان کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ مغرب ادا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما ، سابق رکن پنجاب اسمبلی اور عوام پاکستان پارٹی کے رہنما زعیم قادری انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع نے بتایا کہ زعیم قادری کی نمازِ جنازہ آج نمازِ مغرب کے بعد ان کی رہائش گاہ 26 لارنس روڈ، لاہور میں ادا کی جائے گی۔
زعیم قادری 25 دسمبر 1964 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ وہ 2008 سے 2018 تک پنجاب اسمبلی کے رکن رہے۔
اپنے سیاسی کیریئر کے دوران انہوں نے اُس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں اور پنجاب حکومت کے ترجمان کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں۔
تاہم 2018 میں انہوں نے جماعت کے اندرونی اختلافات کے باعث مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
زعیم قادری کے انتقال پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
سیاسی و سماجی حلقوں نے ان کی سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


