اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 1 ہزار 297 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے، اب تک 4 ہزار 715 افراد مکمل صحتیاب ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن ایس او پیز پر عمل کر کے ہی کیا جا سکتا ہے، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کی ہدایات پر عمل کریں، ہدایات پر عمل نہ کرنے سے متوقع نتائج حاصل نہیں کر سکتے۔
ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی ویب سائٹ پر تمام ایس او پیز رکھے ہیں، ایس او پی اب اردو میں بھی فراہم ہو رہے ہیں۔ جہاں احتیاط کی ضرورت ہے اس کے لیے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی سطح پر 31 ایس او پیز جاری کر چکے ہیں، ہم نے نمازوں اور تراویح کے حوالے سے بھی ایس او پی جاری کیے، باہر کا سفر کرنے یا متاثرہ لوگوں سے ملنے پر خود کو قرنطینہ کریں۔ گھر پر قرنطینہ کے لیے ایس او پی موجود ہے۔
ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس میں شدت نہ ہونے پر بھی خود کو قرنطینہ کیا جا سکتا ہے، اس حوالے سے ایس او پی جاری کیے ہیں۔ مختلف سطحوں پر صفائی کے حوالے سے ایس او پی جاری کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کے جاں بحق ہونے پر بھی تدفین کے ایس او پی دیے ہیں، کرونا کے حوالے سے اسپتالوں کی درجہ بندی کی اور ایس او پی جاری کیے۔ سماجی فاصلوں سے متعلق بھی ایس او پی بنائے ہیں۔
معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ ترجیحی بنیادوں پر ٹیسٹ کے لیے، ضروری اشیا والی دکانوں کے لیے، ضروری صنعتوں کو کھولنے سے متعلق، کرونا سے متاثرہ افراد کی دیکھ بھال سے متعلق اور تعمیراتی کاموں سے متعلق بھی ایس او پیز بنائے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اب تک مصدقہ کیس 18 ہزار 114 ہیں، 1 ہزار 297 مریضوں کا اضافہ 24 گھنٹے میں ہوا ہے۔ سب سے زیادہ 9 ہزار 164 ٹیسٹ گزشتہ 24 گھنٹے میں ہوئے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1 ہزار 297 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے، اس عرصے کے دوران یہ کرونا کیسز کا سب سے زیادہ اضافہ ہے، 24 گھنٹے میں سندھ میں 622 اور پنجاب میں 393 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اب تک پاکستان میں 4 ہزار 715 افراد مکمل صحتیاب ہو چکے ہیں۔