منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

ظہور احمد: پی ٹی وی کے ایک باکمال اداکار کا تذکرہ

اشتہار

حیرت انگیز

ظہور احمد پاکستان میں تھیٹر اور ریڈیو کے معروف آرٹسٹ اور ٹیلی ویژن ڈراموں کے مقبول اداکار تھے۔ انھوں نے کئی کرداروں کو اپنی بے ساختہ اور فطری اداکاری کی وجہ سے ناظرین کے لیے یادگار بنایا۔ ظہور احمد یکم فروری 2009ء کو وفات پاگئے تھے۔

اداکار ظہور احمد 1934ء کو ناگ پور، ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ اس زمانہ میں تھیٹر ایک مقبول میڈیم ہوا کرتا تھا اور فلم کے مقابلے میں عوام کی تھیٹر تک رسائی بھی تھی۔ ہندوستان میں کئی تھیٹر کمپنیاں تفریح فراہم کررہی تھیں‌ اور آغا حشر جیسے ڈرامہ نگار کے ساتھ اپنے دور کے کئی بڑے فن کار تھیٹر پر کام کرتے تھے۔ اسی دور میں ظہور احمد نے تھیٹر پرفارمنس کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ ان کی آواز، لب و لہجہ اور انداز تھیٹر کے شائقین کو بہت پسند آیا اور انھیں خوب پذیرائی ملی۔ تقسیم ہند کے بعد پاکستان میں ظہور احمد نے اس وقت کے فن کاروں اور مصنّفین کے ساتھ کام کیا جنھیں فن و ادب کی دنیا میں باکمال مانا جاتا تھا۔ اس وقت تک تھیٹر تو کہیں کھو چکا تھا، مگر اسٹیج ڈرامے عوام میں مقبول ہورہے تھے۔ ظہور احمد نے اسٹیج پرفارمنس بھی دی مگر پی ٹی وی کا قیام عمل میں آیا تو انھیں ملک گیر شہرت ملی۔ وہ 60 اور 70 کی دہائی کے مصروف اداکاروں میں‌ سے ایک بن گئے۔

ڈرامہ سیریز خدا کی بستی کو پاکستان ٹیلی ویژن کے سنہری دور کا شاہکار کہا جاسکتا ہے، جس میں ظہور احمد نے اہم کردار ادا کیا تھا اور اسے آج بھی فراموش نہیں کیا جاسکا ہے۔ اس ڈرامے میں ظہور احمد نیاز کباڑیے کے رول میں سامنے آئے اور غضب کی اداکاری کی۔ ظہور احمد نے نظام سقّہ اور تاریخ کی عظیم شخصیت نور الدّین زنگی کے کردار بھی نبھائے اور ناظرین کے دل جیتے۔ آخری چٹان بھی پی ٹی وی کا ایک مشہور ڈرامہ تھا جس میں ظہور احمد نے کمال اداکاری کی۔ چنگیز خان وہ ڈرامہ تھا جس میں ان کو بہت پسند کیا گیا اور بلاشبہ بطور فن کار ظہور احمد نے اعلیٰ درجے کی اداکاری کی تھی۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے لیے ظہور احمد کے دوسرے یادگار ڈراموں میں دیواریں، پردیس اور آہن بھی قابلِ ذکر ہیں۔ انھوں نے چند فلمیں بھی کیں جن میں ہیرا اور پتھر، ارمان، بادل اور بجلی، شہر اور سائے، مسافر شامل ہیں۔

اداکار ظہور احمد اسلام آباد کے ایک قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں