پی سی بی کے سربراہ ذکا اشرف نے روایتی حریفوں کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے بھارت جانے سے قبل پاکستانی شائقین کو بڑی خوشخبری سنادی۔
ذکا اشرف نے جے شاہ سے اپنی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی شائقین کو جلد بھارتی ویزوں کے اِجرا کی نوید ملے گی۔ پڑوسی ملک میں ورلڈ کپ دیکھنے کے خواہشمند شائقین کرکٹ کو جلد بھارتی ویزے جاری کیے جائیں گے۔
ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ سے اس معاملے پر میری گفتگو ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ قومی شائقین کو بھارت میں عالمی کپ کے میچز دیکھنے کے لیے ویزے جلد جاری ہوں گے۔ کرکٹ امن کا پیغام ہے اور پاکستان نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا ہے۔
سربراہ پی سی بی ذکا اشرف کا مزید کہنا تھا کہ مجھے بھارت جانے کے لیے پہلے ہی ویزا مل گیا تھا تاہم صحافیوں کے ویزوں کا انتظار تھا۔
ذکا اشرف نے گرین شرٹس کی پرفارمنس کے حوالے سے کہا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی خوش آئند ہے، آگے بڑے میچز ہیں۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ مقابلے ہوں گے تو اس سے امن ہوگا۔
اپنی دی گئی تجویز پر ان کا کہنا تھا کہ جناح گاندھی کرکٹ ٹرافی کی تجویز بہت پرانی ہے، اس معاملے پر دوبارہ سے گفتگو کی جائے گی۔