لاہور : سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ طاہر القادری کے ساتھ مل کر شہباز شریف کے خلاف تحریک سڑک پر چلائیں گے اور اگر علامہ صاحب کا حکم ملا تو کنٹینر میں بھی پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ کھڑے ہوں گے.
ان بعد اعلان انہوں نے ادارہ منہاج القرآن کے مرکزی دفتر میں سربراہ پاکستان عوامی تحریک طاہر القادری کے ہمراہ مشترکہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، آصف زرداری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر شہباز شریف سے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کردیا.
حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے کا اعلان کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہم آئین کو توڑنے کی بات نہیں کر رہے بلکہ صرف حکومت سے لڑنے کی بات کر رہے ہیں جس کے لیے سڑکوں پہ آنا پڑا تو دریغ نہیں کریں گے.
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کارکردگی کا یہ عالم ہے کہ سی سی آئی کے اجلاس 6،6 ماہ نہیں ہوتے اور پورے ملک میں غیر یقینی صورت حال ہے جس میں پتہ ہی نہیں چل رہا ہے کہ کار حکومت کون چلا رہا ہے.
آصف زرداری نے کہا کہ ملک میں تبدیلی کا واحد طریقہ ووٹ ہی ہے اور ملک کے موجودہ مسائل کا حل صرف سیاسی قوتیں ہی حل کرسکتی ہیں چنانچہ اصولی بنیادوں پر طاہر القادری کے ساتھ کھڑے ہیں اسے سیاسی ڈیل کا نام نہیں دیا جائے۔
قبل ازیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاکستان عوامی تحریک طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن نواز شریف کی ایما پر ہوا ہے جس کے کمانڈر رانا ثنا اللہ تھے اور جس کا حکم شہباز شریف نے دیا تھا چنانچہ نے شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ فوری طور پر مستعفی ہوں۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ مظلوموں کی مدد کیلئے جو بھی قدم اٹھانا پڑا تو اٹھائیں گے لیکن شہداء کے خون کا سودا نہیں کریں گے، مظلوموں کی آہ و بکا تخت رائے ونڈ کو ہلا دے گی اور جاتی امراء جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائے گا ۔
انہوں منہاج القرآن آمد پر سابق صدر آصف زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ زرداری صاحب کا اپنا گھر ہے، مظلوموں کی دادرسی کے لیے ان کا جذبہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔