کراچی : کراچی کے قریب زیارت حسن شاہ جزیرے کو ایکو ٹورازم حب بنانے کا اعلان کردیا گیا ، منصوبے پر ایک سے ڈیڑھ ارب روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی کے قریب واقع زیارت حسن شاہ جزیرے کو جدید ایکو ٹورازم حب میں تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا کہ جزیرے پر ماحول دوست، اسپورٹس اور لائف اسٹائل ٹورازم پر مشتمل جامع سیاحتی منصوبہ متعارف کرایا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ زیارت حسن شاہ آئی لینڈ کو جدید سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر ایک سے ڈیڑھ ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ اس منصوبے کے تحت اربوں روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ جزیرے کو کراچی کے ایسٹرن زون سے زمینی راستے کے ذریعے منسلک کیا جائے گا، جس سے سیاحوں کو آسان رسائی حاصل ہوگی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے میں ساحلی ماحول کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ سیاحت کے فروغ کے ساتھ ماحولیاتی ذمہ داری بھی نبھائی جائے۔
جنید انوار نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کی ساحلی پٹی کو معاشی انجن بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جبکہ زیارت حسن شاہ جزیرہ بلیو اکانومی کی نئی مثال بن کر ابھرے گا۔


