اتوار, اگست 9, 2026
اشتہار

شہدائے زیارت کو مروجہ پالیسی کے تحت شہید قرار دیا جائے گا، دھرنا کمیٹی سے مذاکرات کامیاب

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ (18 جولائی 2026): وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ہدایت پر حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہو گئے، اور ایک تحریری معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔

فریقین نے شہدائے زیارت کے لواحقین کے مطالبات پر عمل درآمد اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا، مذاکرات میں حکومتی کمیٹی کی سربراہی وزیر صحت بخت کاکڑ کررہے تھے، جب کہ کمیٹی میں صوبائی وزرا ضیا لانگو، سلیم خان کھوسہ، میر عاصم کرد گیلو، سینیٹر منظور کاکڑ، بلال کاکڑ اور کمشنر کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ شامل تھے۔

معاہدے کے مطابق شہدائے زیارت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا ہے، شہدائے زیارت کو مروجہ پالیسی کے تحت شہید قرار دیا جائے گا، لواحقین کی کفالت، بچوں کی تعلیم اور معاوضہ پالیسی کے مطابق فراہم کیا جائے گا.


حکومت بلوچستان کا پولیس شہدا کے معاوضے کی رقم میں اضافے کا فیصلہ


وزیر اعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں امن و امان کی صورت حال پر اپوزیشن جماعتوں اور شہدا کے لواحقین کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوگا، اور بلوچستان کے شہری علاقوں میں پولیس فورس کی استعداد، افرادی قوت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

معاہدہ کیا گیا ہے کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف سرکاری عمارات ان کے نام سے منسوب کی جائیں گی، ریونیو سے متعلق عوامی تحفظات کے ازالے کے لیے وزیر ریونیو کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں سرکاری افسران اور علاقے کے معتبرین شامل ہوں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں