کراچی: تھانوں میں غیر حاضری اوربغیر وردی ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کیخلاف وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایکشن لیتے ہوئے 3 ایس ایچ اوز اور عملہ معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ شہر کے مختلف تھانوں پر اچانک چھاپے مار کر غیر حاضر ایس ایچ اوز، عملے اور بغیر وردی ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تھانوں میں غیر حاضری اور بغیر وردی ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف تھانوں کے اچانک دورے کیے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی وزیر داخلہ سندھ کے ہمراہ تھے، وزیر داخلہ سندھ اور میئر کراچی نے فیروز آباد، عزیز بھٹی، شاہراہِ فیصل اور ڈیفنس تھانوں کا سیکیورٹی اور انتظامی جائزہ لینے کے لیے اچانک دورہ کیا۔
ضیا الحسن لنجار نے سب سے پہلے فیروز آباد تھانے کا دورہ کیا، جہاں بغیر وردی ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں پر برہمی کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے بغیر وردی ڈیوٹی کرنے پر سب انسپکٹر وسیم اور کانسٹیبل عبدالوہاب کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
وزیر داخلہ نے عزیز بھٹی تھانے کا بھی اچانک دورہ کیا، جہاں ایس ایچ او کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایچ او عزیز بھٹی کو عملے سمیت معطل کرنے کے احکامات دیئے۔
ضیا الحسن لنجار نے شاہراہ فیصل تھانے کا بھی معائنہ کیا، جہاں ایس ایچ او اور عملے کی عدم موجودگی پر معطلی کا حکم دیا گیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے ڈیفنس تھانے کا بھی اچانک معائنہ کیا، جہاں ایس ایچ او اشرف جوگی کی غیر حاضری پر انہیں معطل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واضح کیا کہ تھانوں سے غیر حاضری اور بغیر وردی ڈیوٹی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔


