The news is by your side.

Advertisement

’تم آج بھی بہت یاد آتی ہو‘ نازیہ حسن کی 20ویں برسی پر زوہیب حسن کا پیغام

کراچی: پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے 20 برس بیت گئے، نازیہ حسن کی برسی کے موقع پر ان کے بھائی زوہیب حسن نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلوکار زوہیب حسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر نازیہ حسن کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دنیا بھر میں تمہیں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے، تم آج بھی بہت یاد آتی ہو۔‘

زوہیب حسن نے کہا کہ خراج عقیدت پیش کرنے کی وجہ محض تمہاری گلوکاری یا میوزک نہیں بلکہ تمہاری کرشماتی شخصیت، نرم دلی اور دوسروں کا خیال رکھنے والی شخصیت کی وجہ سے یاد کررہے ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں آخر میں لکھا کہ ’تمہارا بھائی تمہیں بہت یاد کرتا ہے۔‘

نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے امریکن کالج آف لندن سے گریجویشن کیا اور پی ٹی وی کے مشہور پروگرام ’’سنگ سنگ چلے‘‘ سے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا۔

نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب کے ساتھ مشرقی اورمغربی موسیقی کے ملاپ سے ایسے گیت پیش کیے جو آج بھی شائقین موسیقی میں مقبول ہیں۔

بھارتی فلم قربانی میں شامل نازیہ کے گانے ’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘ نے گلوکارہ کو عالمگیر شہرت دی جبکہ نازیہ اور زوہیب کے البم ’ڈسکو دیوانے‘ نے فروخت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

پھیپھڑوں کے سرطان کے مہلک مرض میں مبتلا نازیہ حسن 13 اگست 2000 کو دارِ فانی سے کوچ کرگئیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں