نیویارک (04 نومبر 2025): ایک سروے رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ زہران ممدانی کی جیت پر 8 لاکھ افراد نیویارک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔
ایک تازہ سروے کے مطابق اگر ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی نیویارک کے میئر کے انتخابات جیت جاتے ہیں تو تقریباً 8 لاکھ شہری شہر چھوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ سروے جے ایل پارٹنرز نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے لیے کیا۔
سروے کے مطابق نیویارک کی مجموعی آبادی 85 لاکھ ہے، اور ان میں سے 9 فی صد نے کہا ہے کہ ممدانی کی کامیابی کی صورت میں وہ ’’یقینی طور پر‘‘ شہر چھوڑ دیں گے۔ یہ شرح اگر حقیقت میں بدل گئی تو اتنی آبادی واشنگٹن ڈی سی، لاس ویگاس یا سیئٹل جیسے بڑے امریکی شہروں کے برابر ہوگی۔
سروے میں مزید بتایا گیا کہ 25 فی صد شہری (یعنی تقریباً 21 لاکھ افراد) شہر چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ممدانی کی ممکنہ کامیابی نے نیویارک کے رہائشیوں میں معاشی خدشات اور مستقبل کے امکانات کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے۔
نیویارک کا نیا میئر کون ؟ فیصلہ آج ہوگا، مسلم امیدوار ظہران ممدانی کو برتری حاصل
نتائج سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ وہ شہری جو سالانہ ڈھائی لاکھ ڈالر سے زیادہ کماتے ہیں، ان میں سے 7 فی صد نے کہا کہ وہ ممدانی کے جیتنے کی صورت میں یقینی طور پر شہر چھوڑ دیں گے۔ ماہرین کے مطابق یہ اعداد و شمار خطرناک ہیں، کیوں کہ نیویارک کے صرف 1 فی صد امیر ترین باشندے شہر کی انکم ٹیکس آمدن کا تقریباً نصف ادا کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جو لوگ نقلِ مکانی پر غور کر رہے ہیں، ان کے پسندیدہ مقامات فلوریڈا، ٹینیسی اور شمالی و جنوبی کیرولائنا ہیں، جہاں آمدنی اور جائیداد پر ٹیکس کی شرح نسبتاً کم ہے۔ ڈیلی میل کے مطابق نیویارک کے کئی امیر شہری پہلے ہی زہران ممدانی کی ممکنہ جیت کے پیشِ نظر اپنی جائیدادیں فروخت کر رہے ہیں، جب کہ متعدد نے نئے گھروں کی خریداری کے سودے منسوخ کر دیے ہیں۔


