چین میں بھوکے شیروں کو زندہ گدھا کھلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگ چڑیا گھر انتظامیہ کی سفاکی و سنگ دلی پر چیخ اٹھے۔
مشرقی چین کے شہر شانگ ژو میں واقع چڑیا گھر سے منظر عام پر آنے والی اس ویڈیو میں چڑیا گھر کی انتظامیہ نے سفاکی کی نئی مثال قائم کردی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ برساتی اوڑھے ہوئے انتظامیہ کے 4 افراد ایک گدھے کو زبردستی پانی میں پھینک رہے ہیں۔ گدھے نے اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہا۔
جیسے ہی وہ پانی میں گرا ایک طرف سے ایک شیر نے جھپٹا مار کر اسے دبوچ لیا۔ بعد ازاں کنارے سے دوسرا شیر بھی گدھے کو اپنی خوراک بنانے آ پہنچا۔
اس دوران گدھا اپنی جان بچانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے تاہم وہ بھوکے شیروں کے آگے بے بس ہے جو اس کا منہ اور گردن اپنے دانتوں میں دبوچے ہوئے ہیں۔
آخری منظر میں 4 شیر گدھے کے گوشت کی دعوت اڑانے میں مصروف ہیں جبکہ ان کے آس پاس کا پانی گدھے کے خون سے سرخ نظر آرہا ہے۔
یوٹیوب پر اس ویڈیو کے اپ لوڈ ہوتے ہی تنقید کا ایک طوفان امڈ آیا۔ لوگوں نے چڑیا گھر کی انتظامیہ کو سخت سست کہتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔