شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ زباب رانا کا کہنا ہے کہ وہ شادی سے متعلق سوال سن سن کر تھک گئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں اداکارہ زباب رانا نے شرکت کی اور اس دوران شوبز کیریئر سمیت شادی سے متعلق اظہار خیال کیا۔
شادی کے لیے آئیڈیل شخص کے بارے میں سوال پر زباب رانا نے کہا کہ اس سوال سے میں تھک گئی ہوں، صرف اتنا کافی ہے کہ وہ صرف اچھا انسان ہو۔
انہوں نے کہا کہ ’دوستوں کی محفل میں، شوز اور فیملی میں یہی سوال پوچھا جاتا ہے‘، اچھے شخص کی تعریف بتاتے ہوئے زباب رانا نے کہا کہ ’اچھے انسان میں برائیاں نہیں ہوتیں، اسے خوف خدا ہو، جب اللہ کا خوف ہوتا ہے تو وہ غلط کام کرنے سے گھبراتا اور وہ کام کرنے سے قبل 10 بار سوچتے ہیں۔‘
زباب رانا سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔
اس سے قبل بھی زباب رانا نے تصاویر شیئر کی تھیں جو وائرل ہوگئی تھیں۔
ایک انٹرویو میں اداکارہ زباب رانا کا کہنا تھا کہ میں ایک ایسے لڑکے سے شادی کرنا چاہوں گی کہ جب میں کبھی کسی غلط راستے پر ہوں تو وہ شخص مجھے خیر کے راستے پر لے کر جائے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں کام کے دوران صرف کام پر ہی دھیان دیتی ہوں، اور میری خواہش ہے کہ میں نعمان اعجاز اور سجل علی کے ساتھ کام کروں۔
زباب کا مزید کہنا تھا کہ چیزوں سے بہت جلد بور ہوجاتی ہوں، ترکی کی خوبصورتی بہت پسند ہے، ماں کے بغیر نہیں رہ سکتی جبکہ کسی بھی معاملے پر فوری فیصلہ کرنے میں مشکل ہوتی ہے۔
زباب رانا نے ڈرامہ سیریل ’وہ پاگل سی‘ بھڑاس‘، رشتے بکتے ہیں، بندش اور میرے خدایا میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔