جمعہ, جولائی 17, 2026
اشتہار

زبیدہ یزدانی: تاریخ داں اور محقق

اشتہار

حیرت انگیز

علم و فنون کے مختلف شعبہ جات میں پاک و ہند میں جن شخصیات نے پہچان بنائی، زبیدہ یزدانی ان میں سے ایک ہیں۔ وہ تاریخ داں، ماہرِ ثقافت اور کئی کتب کی مصنفہ تھیں۔ زبیدہ یزدانی کی علمی و تحقیقی کاوشوں کا مرکز حیدرآباد دکن رہا جو برصغیر کی ایک مرفّہ الحال اور خودمختار ریاست تھی۔

آج زبیدہ یزدانی کی برسی ہے۔ وہ 11 جون 1996ء کو لندن میں وفات پاگئی تھیں جہاں وہ اپنے شوہر کے ساتھ عرصہ سے سکونت پذیر تھیں۔ زبیدہ یزدانی نے دکن کی تہذیب و ثقافت، نظام، اور پھر انگریز دور کے منتظمین کے حوالے سے علمی و تحقیقی مضامین لکھے اور ان کی جو کتابیں شایع ہوئیں، وہ تاریخ کے مضمون کے طلبہ اور اس موضوع میں‌ دل چسپی رکھنے والوں کے لیے مفید ثابت ہوئیں۔ ہندوستان ہی نہیں دنیا ان کی کتب دنیا میں حیدرآباد دکن پر معلومات کا مستند ذریعہ سمجھی جاتی ہیں۔

زبیدہ یزدانی کے والد اعلیٰ تعلیم یافتہ تھے اور ان کا شعبۂ علم و تحقیق آثارِ قدیمہ تھا۔ 27 اپریل 1916ء کو زبیدہ یزدانی نے دنیا میں آنکھ کھولی۔ بچپن ہی سے اپنے والد کو علمی و تحقیقی کام میں مگن پایا جو ماہرِ‌ آثارِ قدیمہ اور تحقیقی کتب کے مصنّف تھے۔ حیدرآباد دکن میں وہ آثارِ قدیمہ کے ڈائریکٹر تھے۔ انھیں حکومت نے اجنتا اور ایلورا کے قدیم غاروں‌ کا نگراں مقرر کیا تھا۔ جب کہ مختلف قدیم معابد کی ازسرِ نو تعمیر و مرمت کا کام بھی ان کے زیرِ نگرانی ہوا تھا۔ یوں زبیدہ یزدانی بھی اپنے وطن کی تاریخ اور ثقافت میں دل چسپی لینے لگیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی سے انھوں نے اسی مضمون میں‌ باقاعدہ تعلیم حاصل کی۔ وہ اس دور میں آکسفورڈ میں داخلہ لینے والی اوّلین ایشیائی خواتین میں سے ایک تھیں۔

زبیدہ یزدانی کی پہلی کتاب "Hyderabad during the Residency of Henry Russell 1811 – 1820” تھی جب کہ دوسری اہم کتاب "The Seventh Nizam: The Fallen Empire” کے نام سے شایع ہوئی۔ زبیدہ یزدانی کو ان کی سماجی خدمات اور تعلیم کے فروغ کے لیے کاوشوں کی وجہ سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ انھوں نے دکن کی مشہور درس گاہ جامعہ عثمانیہ کا کالج برائے خواتین میں بحیثیت استاد بھی خدمات انجام دیں۔ 1976ء میں ریٹائرمنٹ کے بعد وہ بھارت سے برطانیہ منتقل ہوگئی تھیں اور وہیں ان کی زندگی کا سفر تمام ہوا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں