پیر, مارچ 16, 2026
اشتہار

جب زبیر رضوی ”روبرو“ کے لیے امیتابھ بچن کے گھر پہنچے!

اشتہار

حیرت انگیز

‘گردش پا’ زبیر رضوی کی ‘خود نوشت’ ہے یا اسے ان کی سوانحی یادیں کہنا چاہیے جس میں اپنی اور اپنے یاروں کی زندگی کو زبیر رضوی کے قلم نے بلا تکلّف اور گویا بے دریغ بیان کردیا ہے وہ اردو کے ممتاز ترین اور جدید شاعروں میں ایک نمایاں شاعر تھے جنھیں براڈ کاسٹر کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

زبیر رضوی نے بولی وڈ سپراسٹار امیتابھ بچن کا اپنے ریڈیو پروگرام کے لیے انٹرویو ریکارڈ کیا تھا اور یہ ان کے لیے ایک یادگار موقع تھا جسے انھوں نے اپنی کتاب میں رقم کیا ہے ملاحظہ کیجیے:

اپنی آواز کے حسن اور اس کی اثر آفرینی کے سلسلے میں میں نے امیتابھ بچن کو بے حد حساس پایا۔ فلم ‘دیوار کی کامیابی نے امیتابھ کو صف اول کا ایکٹر بنا دیا تھا۔ ان کے والد ہری ونش رائے بچن کے ساتھ میں نے کچھ کامیاب کوی سمیلن پڑھے تھے کہ میں ایک زمانے میں مشاعرے اور کوی سمیلن دونوں میں پسند کیا جاتا تھا اور زیادہ تر گیت سناتا تھا۔ اردو سروس کے روبرو پروگرام میں ہر ہفتے کسی نہ کسی اہم شخصیت کا انٹرویو نشر کیا جاتا تھا اور اس چنک Chunk کی بے پناہ مقبولیت کی بناء پر میرے ساتھی براڈ کاسٹر خاص طور‌ سے کے کے نیّر اور عمیق حنفی اور میں اس کوشش میں لگے رہتے تھے کہ ”روبرو“ میں ہر بار ان کا ہی لیا ہوا انٹرویو نشر ہو۔ لگاتار کوشش کے بعد ایک دن امیتابھ بچن نے گھر پر آکر انٹرویو ریکارڈ کرنے کی منظوری دے دی۔ میں دو بہترین مشینیں لے کر پہونچ گیا۔ دونوں مشینوں پر تین چار منٹ کے انٹرویو ریکارڈ کر کے سنے گئے۔ امیتابھ اپنی Voice Quality سے مطمئن نہیں ہوئے۔ انہوں نے اپنے ذاتی کئی ٹیپ ریکارڈر بھی نکالے۔ کچھ حصے ریکارڈ کیے اور سب کے سب رد کر دیے۔ اس ساری مشق میں کافی وقت لگ گیا اور وہ بے کیف ہو کے یہ کہہ کر اٹھ کھڑے ہوئے "پھر کبھی”۔ میرے لیے اس موقع کو چھوڑنا ممکن نہ تھا، میں نے اس عرصے میں پروڈکشن اسٹنٹ کو ایک اور مشین لانے ریڈیو اسٹیشن بھیج دیا تھا۔ امیتابھ کے کھڑے ہوتے ہی وہ کمرے میں نئی مشین کے ساتھ داخل ہوا۔ میں نے پھر ایک بار امیتابھ سے Voice Test کرنے کی درخواست کی۔ اس بار وہ میری اور اپنی آواز کے توازن Balancing اور Quality سے مطمئن سے نظر آئے۔ میں نے ان کی اداکاری اور اینگری ینگ مین والے امیج پر میٹھی میٹھی باتیں کیں اور وہ Relax ہو کے میرے ساتھ گفتگو میں ایسے کھوئے کہ تین ٹیپ بھر گئے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں