اسلام آباد : وزیر اعظم کے معاون خصوصی اوورسیزپاکستانی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ مشکل گھڑی میں ہم وطنوں کی ہر ضرورت پوری کرنے کی کوشش میں ہیں، سعودی عرب نے ہر قسم کے ویزے میں دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے پارلیمنٹ کی فنکشنل کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی اوورسیزپاکستانی زلفی بخاری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یواےای اورسعودی وزیر عبداللہ بن نصیر سے ویڈیو لنک پر رابطہ ہوا، دنیا میں پاکستانی لیبر کمیونٹی کو درپیش مسائل اور حل پراقدامات کررہےہیں۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے باعث بیرون ملک پاکستانیوں میں بے چینی پائی جاتی ہے، مشکل گھڑی میں ہم وطنوں کی ہر ضرورت پوری کرنے کی کوشش میں ہیں، پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سعودی عرب نےہر قسم کے ویزے میں دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔
گذشتہ روز معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری نے سعودی وزیر افرادی قوت عبداللہ بن نصیر سے ویڈیو لنک پر رابطہ کیا تھا جس میں پاکستانی مزدور اور لیبر کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ممکنہ حل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
زلفی بخاری نے پاکستانیوں کی وطن واپسی کےلئے خصوصی اقدامات کی بھی درخواست کی ، جس پر سعودی عرب کی جانب سے بڑا فیصلہ کیا گیا، سعودی عرب نے انٹری اور ایگزٹ ویزے کی مدت بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ دسمبر تک پاکستانی مزدوروں کیلئے ویزے کی توسیع بالکل مفت ہو گی۔
سعودی حکومت نے 3ماہ تک کمپنیوں کوپاکستانی محنت کشوں کی برطرفی سے روکنےکا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سعودی کمپنیاں 3ماہ تک محنت کشوں کوملازمت سےبرطرف نہیں کریں گی۔
سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام ملازمین کو 3ماہ تک تنخواہ کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھاجائے گا اور کمپنیاں اب تک برطرف ملازمین سےبھی تعاون کریں گی۔
سعودی وزیر نے یقین دہائی کروائی تھی کہ محنت کشوں کوتنخواہ اور بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی، جس پر معاون خصوصی زلفی بخاری نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر سعودی وزیر سےاظہار تشکر کیا۔