اسلام آباد : معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اپنی موت آپ مرگئی ہے، آپس میں لڑائیاں ہو رہی ہیں یہ خودکو بےنقاب کر رہے ہیں ، مریم صفدر اور بلاول کو کوئی بتائے ان کا فلسفہ ہی غلط ہے۔
تفصلات کے مطابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے پاکستان اوورسیز ریئل اسٹیٹ فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان اوورسیزریئل اسٹیٹ فورم وقت کی ضرورت ہے اوورسیز پاکستانی محفوظ سرمایہ کاری کریں اور این اوسی کی حامل ہاؤسنگ سوسائٹیزمیں ہی سرمایہ کاری کی جائے۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ بھر پور کوشش ہے اوورسیز کے مسائل حل کریں، سستے رہائشی منصوبوں پر توجہ دینا ہو گی، موجودہ حکومت میں2 بلین ڈالرز اضافی زرمبادلہ آیا اور گزشتہ10ماہ میں10 لاکھ سےزائدپاکستانی بیرون ممالک گئے۔
بعد ازاں معاون خصوصی نے میڈیاسےگفتگو کرتے ہوئے کہا فضل الرحمان ریٹائرڈ سیاست دان ہیں، فضل الرحمان کے پاس کھانا کھانے کے سوا کوئی کام نہیں۔
اپوزیشن کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کہاں سےشروع ہو ئی اور اب کہاں پہنچ چکی ہے ، عوام نے پی ڈی ایم کے بیانیہ کو مسترد کر دیا ہے، مریم نواز اور بلاول کو کوئی بتائےعوام نے کرپشن کیخلاف ووٹ دیا ، عوام کبھی بھی کرپشن بچانے کے لیے نہیں نکلیں گے۔
زلفی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اپنی موت آپ مرگئی ہے، پی ڈی ایم میں لڑائیاں ہو رہی ہیں یہ خودکو بےنقاب کر رہے ہیں ، مریم نواز نےاستعفےدینے کا کہا تواستعفے سوشل میڈیا تک ہی پہنچ سکے۔
معاون خصوصی نے کہا چاہتے ہیں پی ڈی ایم جیسی تحریک رہے تاکہ اصلیت سامنے آئے، مریم صفدر اور بلاول کو کوئی بتائے ان کا فلسفہ ہی غلط ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اوورسیزکی زمینوں کے جھگڑے 30روزمیں نمٹائےجائیں گے، سندھ سے لیکراسلام آباداوورسیزکے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے۔