اتوار, فروری 9, 2025
اشتہار

غیرت کے نام پر قتل رمشا کا قاتل ذوالفقار وسان گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

خیرپور: صوبہ سندھ کے علاقے خیرپور میں رمشا نامی لڑکی کو کاری قرار دے کر قتل کرنے والے مرکزی ملزم ذوالفقار وسان کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کی حراست میں ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف جرم کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رمشا کو قتل کرنے والے ملزم ذوالفقار وسان نے گزشتہ رات خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ کیس میں 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا جن میں سے 3 اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں۔

13 سالہ رمشا کو دو روز قبل غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تھا، رمشا کے قتل کی خبریں سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہوئیں جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیا تھا۔

واقعے کے بعد رمشا کے اہلخانہ نے پولیس میں ایف آئی آر درج کروائی جس میں ذوالفقار وسان سمیت 4 افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری دینے والا ذوالفقار وسان اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی سمیت دیگر جرائم میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔

دوسری جانب پولیس کی حراست میں ملزم ذوالفقار وسان نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔ سینئرسپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عمر طفیل کا کہنا ہے کہ ذوالفقار وسان نے ساتھیوں کے ساتھ رمشا کو کارو کاری کا الزام لگا کر قتل کیا۔

ایس ایس پی کے مطابق ذوالفقار وسان کو نارا کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ ذوالفقار وسان پر 6 افراد کے قتل اور لوٹ مار کے 22 مقدمات درج ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار وسان نے 2012 میں جاوید جسکانی اور بابرہ وسان، شاہ عبد اللطیف یونیورسٹی کے کلرک امیر تمرانی جبکہ سنہ 2013 کے انتخابات میں عبد الوہاب موریجو کو قتل کیا تھا۔

عمر طفیل کے مطابق عبد الوہاب موریجو کو خیر پور میں پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، ملزم نے 2013 کے انتخابات میں فنکشنل لیگ کی ریلی پر راکٹ لانچر سے حملہ بھی کیا تھا جس میں عبد الستار شنبانی جاں بحق ہوئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں