اسلام آباد :فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاناما لیکس میں شامل شریف خاندان کے چار افراد سمیت 450 پاکستانیوں کو نوٹسز جاری کردیے جن میں متعلقہ افراد سے ذرائع آمدنی و دیگر تفصیلات طلب کرلیں، ان 450 افراد میں پاکستان تحریک انصاف کے سکریٹری جنرل جہانگیر ترین اور رہنما علیم خان بھی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے بیٹے شہباز شریف بھی شامل
تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ایف بی آر نے پاناما لیکس میں شامل پاکستانی شہریوں کے خلاف کارروائی کاعندیہ دے دیا، ادارے کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسین اور حسن نواز، بیٹی مریم نواز اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز سمیت 450 شہریوں کو آف شور کمپنیوں کے معاملے پر نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین اور رہنما علیم خان کو بھی نوٹسز جاری
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین اور رہنما علیم خان کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، ان تمام 450 افراد سے ان کے ذرائع آمدنی، آف کمپنیوں کی تفصیلات، کپمنی بنانے کے لیے سرمایہ کہاں سے آیا، رقم پاکستان سے بیرون ملک کیسے منتقل کی گئی جیسے سوالات پوچھے گئے ہیں۔
دس سال تک کے انکم ٹیکس کے گوشوارے طلب
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایف بی آر کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ نوٹسز یکم جولائی سے نافذ ہونے والے نئے قوانین کی تحت جاری کیے گئے ہیں جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو دس سال تک کے انکم ٹیکس کے گوشواروں کے بارے میں کسی شخص سے پوچھ گچھ کرسکتا ہے قبل ازیں پرانے قانون میں ایف بی آر کسی بھی شہری سے چھ سال تک کی آمدنی کے بارے میں جواب دہی کرسکتا تھا۔
زیادہ تعداد پنجاب اور کراچی کے لوگوں کی ہے
اہلکار نے بتایا کہ جن افراد کو بیرون ملک آف شور کمپنیاں بنانے سے متعلق نوٹسز جاری کیے گئے ہیں اُن میں زیادہ تعداد کاروباری طبقے سے تعلق رکھتی ہے اور اُن میں سے زیادہ افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے جبکہ صوبہ سندھ اور بالخصوص کراچی دوسرے نمبر پر ہے۔
آف شورکمپنیوں سے متعلق دو ہفتوں میں جواب طلب
اہلکار کے مطابق جن افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں اُنھیں کہا گیا ہے کہ وہ دو ہفتوں میں اس کا جواب دیں کہ ان آف شور کمپنیز بنانے کے اُن کے ذرائع آمدنی، ان کمپنیوں میں کی گئی سرمایہ کاری کی مالیت اور رقم کو بیرون ملک بھجوانے کے طریقہ کار کے بارے میں بھی حکام کو تفصیلی آگاہ کریں۔
عوام کی طاقت سے نوٹسز جاری ہوئے، عمران خان
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے خطابات میں مسلسل اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ ایف بی آر پاناما پیپرز میں شامل افراد کو نوٹس جاری کرے اور ان کے خلاف تحقیقات کرے جس کے بعد اب عمران خان نے بتی چوک پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایف بی آر کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ عوام کی طاقت سے شریف خاندان کو نوٹسز جاری ہوگئے، اب نیب کا رخ ان کی جانب بھی ہونا چاہیے۔