14.6 C
Dublin
پیر, مئی 20, 2024
اشتہار

بے نظیر قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری، مشرف کے خلاف الگ کیس چلایا جائے گا

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: بے نظیر بھٹو قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف الگ کیس چلایا جائے گا، عدالت نے کہا ہے کہ ڈیڑھ گھنٹے بعد کرائم سین دھونے اور پوسٹ مارٹم نہ ہونے سے شواہد ضائع ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد اصغر خان نے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا جو کہ 46 صفحات پر مشتمل ہے ۔

تفصیلی فیصلے میں عدالت نے کہا ہے کہ پولیس افسر سعود عزیز نے بے نظیر کی باکس سیکیورٹی پر مشتمل ایلیٹ پولیس یونٹ کو ہٹادیا اور پولیس نے بے نظیر بھٹو کی گاڑی کو اکیلا چھوڑ دیا۔

- Advertisement -

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایک گھنٹہ 40 منٹ بعد کرائم سین دھونے سے شواہد ضائع ہوئے، جائے وقوع دھونے سے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے شواہد اکٹھے کرنا ممکن نہیں رہا، پوسٹ مارٹم نہ کرانے سے بے نظیر کی وجہ موت کا پتا نہ چل سکا۔

عدالت کے مطابق استغاثہ گرفتار 5 ملزمان کے خلاف الزام ثابت کرنے میں ناکام رہی، پانچوں گرفتار ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا جارہا ہے۔

سابق صدر کے معاملے میں فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کو پیش ہو کر صفائی دینے کے لیے بار بار سمن جاری کیے، پرویز مشرف کو اسکائپ کے ذریعے بھی بیان دینے کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے بیان ریکارڈ نہ کرایا، سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف کیس الگ چلایا جائے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں