20.8 C
Dublin
اتوار, مئی 19, 2024
اشتہار

او آئی سی کو یو این سے مل کر دہشت گرد گروہوں کے خاتمے کے لیے کام کرنا ہوگا: اسحاق ڈار

اشتہار

حیرت انگیز

بنجول: گیمبیا میں اسلامی سربراہی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ او آئی سی کو اقوام متحدہ سے مل کر دہشت گرد گروہوں کے خاتمے کے لیے کام کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ کردار ادا کیا، اس کے باوجود پاکستان کو سرحد پار سے اسپانسرڈ، حمایت یافتہ دہشت گردی کا سامنا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا او آئی سی کو افغان معیشت بحال، علاقائی روابط کے منصوبوں کے جلد نفاذ میں مدد کرنی چاہیے، او آئی سی عالمی اقتصادی ترقی کی بحالی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا او آئی سی کا یہ سربراہی اجلاس نازک موڑ پر منعقد ہو رہا ہے، عوام بالخصوص امت مسلمہ کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز پر او آئی سی کو متحد اور مربوط جواب دینا چاہیے، مغربی کنارے، فلسطینی عوام پر اسرائیل کے وحشیانہ فوجی حملے جاری ہیں، عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے اسے ’’قابل تعزیر نسل کشی‘‘ قرار دیا ہے، ریاض میں مشترکہ عرب اسلامی سربراہی کانفرنس نے دور رس فیصلے کیے تھے، فلسطین کی آزادی کے لیے اپنے مقاصد کو عملی جامہ پہنانے کے لیے متحرک ہونا چاہیے۔

نائب وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے، محصور لوگوں کے لیے بلا روک ٹوک انسانی امداد کو یقینی بنایا جائے، اور اقوام متحدہ کے مکمل رکن کے طور پر فلسطین کے داخلے کی حمایت جاری رکھیں، 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر فلسطین کی خود مختار ریاست کا قیام ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا او آئی سی رابطہ گروپ کے ذریعے عالمی کارپوریٹس کے ساتھ روابط کا طریقہ وضع کیا جائے، قرارداد میں او آئی سی کی جانب سے معیاری پالیسی اقدامات بھی شامل ہونے چاہئیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز امت کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل اس معاملے پر تعاون میں ناکام رہتے ہیں، چناں چہ گستاخانہ، اسلام مخالف مواد کے خلاف ضابطے کی پالیسیوں کے اطلاق کو ہم آہنگ کیا جائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں