9 C
Dublin
پیر, مئی 20, 2024
اشتہار

کراچی میں تیز بارش، پرواز تاخیر کا شکار، جماعت اسلامی کا دھرنا جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ پر ایک پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی، دوسری طرف بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف جماعت اسلامی کا سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں صبح شروع ہونے والی ہلکی بارش رات میں تیز بارش میں بدل گئی ہے، نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، تیسر ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں تیز بارش شروع ہو گئی ہے۔

منگھوپیر، گولیمار، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، بفرزون، سرجانی، اورنگی، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں بھی تیز بارش ہو رہی ہے۔

- Advertisement -

موسم کی خرابی کے باعث کراچی سے اسلام آباد جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 208 ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔

شہر میں تیز بارش کے باوجود سندھ ترمیمی بلدیاتی بل کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا بدستور جاری ہے، جسے ایک ہفتہ ہو چکا ہے، خواتین بھی اس میں شرکت کر چکی ہیں، حافظ نعیم الرحمان نے کارکنوں سے گفتگو میں کہا بارش رحمت ہے اسے انجوائے کریں، ہم کراچی کے مظلوم شہریوں کے حق کے لیے نکلے ہیں، اپنے عزم کو توانا رکھیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختون خوا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کل تیز بارش کا امکان ہے، بالائی وسطی بلوچستان اور بالائی سندھ میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

ادھر چمن کوژک ٹاپ پر برف باری ہو رہی ہے، کوئٹہ چمن شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث سیکڑوں مسافر گاڑیاں پھنس گئیں، ڈپٹی کمشنر کے مطابق پی ڈی ایم اے کی مشینری شاہراہ کھولنے کی کوشش کر رہی ہے۔

قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں بھی برفباری جاری ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے، انھوں نے کہا پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں