21.7 C
Dublin
ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

پی آئی اے طیارہ حادثہ، متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پی آئی اے طیارہ حادثے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا، پہلے مرحلے میں پانچ متاثرین کو فی کس ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی آئی اے طیارہ حادثے کے ورثا کو معاوضے کی ادائیگی کے سلسلے کا آغاز آج سے ہوگا ، وارثتی دستاویزات مکمل کرنے والے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں پانچ متاثرین کو فی کس ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا، حادثے میں بچ جانے والے دو مسافروں محمد زبیر اور ظفر مسعود کو فی کس ا یک ایک کروڑ روپے کی ادائیگی ہو گی جبکہ مسافر محمد زبیر کے علاج کے اخراجات بھی پی آئی اے نے ادا کئے تھے۔

- Advertisement -

ذرائع کے مطابق جاں بحق تین مسافروں کے لواحقین کو بھی ایک ایک کروڑ روپے معاوضہ کی ادائیگی ہو گی، پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں بحق تمام 97 مسافروں کے لواحقین کو فی کس دس دس لاکھ روپے پہلے ہی ادا کر چکی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی پی آئی اے کو جانشینی سرٹیفیکیٹ کے حصول کے بعد شروع ہوئیں، ورثہ کی جانب سے جن کے جانشینی سرٹیفیکیٹ موصول ہونے ان سب کے کلیم داخل کرکے ادائیگی ہورہی ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ بارہا ورثاء سے جانشینی سرٹیفیکیٹ مہیا کرنے کی استدعا کرچکی ہے، زیادہ تر متاثرین نے وراثتی سر ٹیفیکٹ جمع نہیں کرائے۔

یاد رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئر پورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر جاں بحق جب کہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جب کہ 5 گھر مکمل تباہ ہوئے۔

Comments

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں