اتوار, مئی 19, 2024
اشتہار

پی ٹی آئی کا بڑا یوٹرن: ہم کسی سے مذاکرات نہیں چاہتے، اسد قیصر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم کسی سے مذاکرات نہیں چاہتے، اس کیلیے کمیٹی جو ہے اس میں کنفیوژن ہے کہ وہ بنی بھی ہے یا نہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، ہم چاہتے ہیں تمام ادارے آئین کی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں۔

اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے کسی سے بات کرنی ہے اور نہ کریں گے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے مذاکراتی کمیٹی کا کوئی ذکر نہیں کیا تھا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہم اُن سب لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں جن کے الیکشن پر تحفظات ہیں، مسلم لیگ (ن) سے کوئی بات نہیں کریں گے، نواز شریف ووٹ کو عزت دو کی بات کرتے ہیں کیا یہ عزت ہے؟ کسی سے بات نہیں کرنی ہم صرف آئینی و قانونی حق چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن سے متعلق ہم بھی چاہتے ہیں جوڈیشل کمیشن بنے اور تحقیقات کرے کہ اگر ہمارا دعویٰ غلط ہے تو غلط ثابت ہو جائے گا، کمیشن جہاں سے مرضی ہو تحقیقات شروع کرے۔

اسد قیصر نے کہا کہ عدم تشدد کی پالیسی تشدد سے زیادہ طاقت رکھتی ہے، ہم کسی لیول پر ملک میں انارکی نہیں چاہتے، ہم چاہتے ہیں ملک میں سیاسی استحکام آئے اور سرمایہ کاری آئے، سعودی وفد پاکستان آیا جس کو سراہا ہے اور چاہتے ہیں معیشت بہتر ہو، ہم بند گلی میں نہیں بلکہ آزاد شہری ہیں آئین و قانون کے مطابق جدوجہد کریں گے، اپنا مطالبہ جاری رکھیں گے لیکن کسی صورت تشدد کا راستہ نہیں اپنائیں گے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ محمود اچکزئی کو صدارتی الیکشن کیلیے پنجاب سے 100 فیصد ووٹ ملے، (ن) لیگ تو پنجاب کے کچھ حصوں تک محدود ہے جبکہ اسی طرح پیپلز پارٹی سندھ کے چند علاقوں تک محدود ہے مگر پی ٹی آئی قومی پارٹی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں