پیر, مئی 20, 2024
اشتہار

کوئٹہ: مشرقی بائی پاس کے قریب پولنگ اسٹیشن کے باہر دھماکہ ،25 افراد شہید

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کےقریب پولنگ اسٹیشن کے باہر دھماکا ہوا ، جس کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق اور 28 افراد زخمی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب این اے 260 میں پولنگ اسٹیشن کے باہر زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 25 افراد شہید جبکہ 28 زخمی ہیں، جاں بحق و زخمی افراد میں پو لیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب پہنچ گئی ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔

- Advertisement -

ریسکیو زرائع کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ متعلقہ پولنگ اسٹیشن میں پولنگ روک دی گئی ہے۔

مشرقی بائی پاس دھماکا خود کش تھا، سیکیورٹی ذرائع


سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقی بائی پاس دھماکا خود کش تھا،ہلکاروں کے روکنے پر دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

اے260 کوئٹہ میں دھماکے کے واقعے پر الیکشن کمیشن نے آر او سے رابطہ کیا جبکہ الیکشن کمیشن نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

کوئٹہ میں  پولنگ اسٹیشن کے باہر دھماکہ ، پولنگ کاعمل دوبارہ شروع


کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کےقریب پولنگ اسٹیشن میں دھماکے کے بعد ایف سی اورپولیس کی نگرانی میں پولنگ کاعمل دوبارہ شروع ہوگیا ہے ،  ووٹ کاسٹ کرنےکیلئےلوگوں کی قطاریں دوبارہ لگ گئیں۔

کوئٹہ دھماکہ ، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی مذمت


وزیراعظم جسٹس(ر)ناصر الملک نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ دھماکاعوام کو خوفزدہ کرنے کی سازش ہے، عوام ملک میں جمہوریت مستحکم کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کوئٹہ دھماکے میں انسانی جانوں کےضیاع پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا دہشت گرد حملے میں معصوم شہریوں،اہلکاروں کی شہادت پر دکھ ہے، متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ حملہ انسانیت سوز اور ہر لحاظ سے سفاکانہ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ دشمن انتشار کا خواہشمند ہے، ناکام اور رسوا ہوگا، ذمہ دار عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے، صوبائی حکومت زخمیوں کوعلاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرے، متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے واقعات پرامن انتخابی ماحول سبوتارکرنےکی سازش ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کوئٹہ دھماکے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا دہشت گرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، دہشت گردجمہوریت کو کمزور کرنےکی کوشش کر رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما سعدرفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کوئٹہ دھماکے کی خبر سے دل بہت رنجیدہ ہے، دھماکا عوام کا حوصلہ توڑنے اور خوفزدہ کرنے کی کوشش ہے، دہشت گردوں یہ کوششیں ہمیشہ کی طرح نام ہوں گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل این اے 200میں پیپلز پارٹی کے انتخابی کیمپ پر کریکر حملہ ہوا تھا ، حملے میں 4 افراد زخمی ہوئے جبکہ پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔


مزید پڑھیں :  عام انتخابات 2018 کے لیے پولنگ کا عمل شروع


واضح رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں