19.6 C
Dublin
پیر, مئی 20, 2024
اشتہار

’’میری نند نے پرس کھولا تو ایک کاغذ دیکھ کر اس کے ہوش اُڑ گئے‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

شادی ایک مقدس عہد اور عظیم رشتے کا نام ہے یہ وہ قانونی اور شرعی معاہدہ ہے جس کے ذریعے ایک معاشرہ تشکیل پاتا ہے لیکن کچھ جرائم پیشہ عناصر اس کی آڑ میں اپنے مکروہ مقاصد پورے کرتے ہیں۔

شادی کے نام پر دھوکے بازی اور فراڈ کی وارداتیں اکثر اخبارات کی زینت بنتی رہتی ہیں، جس میں باقاعدہ طریقے سے شادی کرکے دوسرے فریق کو منظم انداز میں لُوٹ لیا جاتا ہے۔

ایک ایسا ہی واقعہ اے آر وائی نیوز ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ایک خاتون نے بیان کیا، اور بتایا کہ دھوکے باز لوگ ان کی نند کو کس طرح شادی کے جال میں پھنسا کر سارا مال و اسباب لے کر فرار ہوگئے۔

- Advertisement -

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سمیرا نامی خاتون نے بتایا کہ میری نند نے ایک انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لیا جہاں ان ملاقات ایک لڑکے سے ہوئی جس کا ذکر انہوں نے گھر میں کیا تو اس طرح بات بڑھتی چلی گئی اور پھر سب کی رضامندی سے دونوں کی شادی ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ لڑکے والوں نے یہ ظاہر کیا تھا کہ وہ بہت دولت مند لوگ ہیں، رشتہ لینے کے وقت بھی وہ خاندان ایک مہنگی سی کار میں آتا تھا، میرے سسر نے بھی اپنی بیٹی کو بہت اچھا جہیز اور تین لاکھ روپے کیش دیے۔

شادی کے اگلے مہینے ہی نند کے شوہر نے مختلف بہانوں سے رقم کا مطالبہ شروع کردیا تھا کیونکہ اس کے علم میں تھا کہ 3 لاکھ روپے کیش بینک میں رکھا ہوا ہے۔ میری نند نے خطرہ بھانپتے ہوئے اپنا زیور وغیرہ میکے میں لاکر رکھ دیا۔

اس دوران وہ میری نند سے 60 ہزار روپے بھی لے چکے تھے تاہم کچھ دن بعد میاں بیوی میں کسی بات پر معمولی سی تلخ کلامی ہوئی اور بعد میں صلح بھی ہوگئی تو اگلے دن نند کو اس کے شوہر نے چپ چاپ میکے لاکر چھوڑا۔

دوسرے دن کسی کام سے میری نند نے اپنا پرس کھولا تو دیکھا کہ اس کے اندر کچھ کاغذات رکھے ہوئے ہیں جب انہیں کھول کر دیکھا تو معلوم ہوا کہ وہ طلاق نامہ تھا۔ اس کا شوہر خاموشی سے طلاق دے کر چلا گیا۔

سمیرا نے بتایا کہ جب ہم نے اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو نہ صرف اس کا فون بند تھا بلکہ سب گھر والوں کے فون بھی آف تھے اس پر مزید یہ کہ وہ لوگ جہیز کا سارا سامان لے کر فرار ہوچکے تھے کیونکہ ان کا مکان بھی کرائے کا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں