تازہ ترین

افریقی ملک میں مسلح شخص کی مسجد میں فائرنگ، 15 نمازی شہید

اواگادوگو: افریقی ملک برکینا فاسو میں مسلح شخص نے مسجد میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 15 نمازی شہید ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برکینا فاسو میں مسلح شخص نے سلموسی مسجد میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 15 نمازی شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کی زد میں آکر 5 نمازی زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، یہ مسجد پڑوسی ملک مالی کی سرحد کے نزدیک واقع ہے اور پے درپے ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے سبب لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا، عینی شاہدین کے بیان بھی قلمبند کیے جارہے ہیں تاہم حملہ آور شخص کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔

مزید پڑھیں: ناروے میں مسجد پرحملہ روکنے والا پاک فضایہ کا ریٹائرڈ ملازم

برکینا فاسو کے متعدد علاقوں میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے سبب کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور فوج نے ملک بھر میں کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

یاد رہے کہ 2015 میں برکینا فاسو میں دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 500 افراد ہلاک اور 2 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ بے گھر ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ رواں سال 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں سفید فام دہشت گرد نے دو مساجد میں فائرنگ کرکے 50 افراد کو شہید کردیا تھا، شہید ہونے والوں میں 9 پاکستانی بھی شامل تھے۔

Comments

- Advertisement -