تازہ ترین

کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن: ہزاروں ایکڑ رقبہ کلیئر، خفیہ ٹھکانے تباہ

لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے روجھان میں کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے، اب تک ہزاروں ایکڑ رقبہ کلیئر کروا کر اور خفیہ ٹھکانے ٹریس کر کے تباہ کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق راجن پور کے قریب روجھان میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن سولہویں روز بھی جاری ہے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن میں اب تک 16 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ 4 ڈاکو ہلاک ہوچکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ہزاروں ایکڑ رقبہ کلیئر کروا کر خفیہ ٹھکانے ٹریس کر کے تباہ کیے گئے، پتن غوثو اور پتن درانی شاہ میں کمین گاہیں اور خفیہ ٹھکانے تباہ کر کے مسمار کردیے گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پتن غوثو اور پتن درانی شاہ میں مزید 2 پولیس پکٹس قائم کردی گئیں۔

خیال رہے کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں بلوچ علیحدگی پسندوں کی موجودگی کے شواہد بھی ملے، کچے میں مارے جانے والے 2 دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔

آئی جی کا کہنا تھا کہ 23 ہزار 500 ایکڑ کا علاقہ کلیئر کروا لیا گیا ہے، ڈھائی ماہ میں ایک بھی آدمی کو اغوا نہیں کیا گیا، کچے کے علاقے میں آپریشن کا فیصلہ قومی سلامتی کونسل نے کیا تھا۔

Comments

- Advertisement -