تازہ ترین

شاہینز نے کیویز کو باآسانی دبوچ لیا

رنز کی میشن بابراعظم کی شاندار سنچری اور اسپیڈ اسٹار حارث رؤف کی طوفانی بولنگ کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی باآسانی ٹھکانے لگا دیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 193 رنز کے تعاقب میں کیوی ٹیم 7 وکٹوں پر 154 رنز ہی بنا سکی۔ خطرناک بولنگ اٹیک کے سامنے کیوی بیٹنگ لائن جم کر نہ کھیل سکی۔ مڈل آرڈر بلے باز چیپمین کے سوا کوئی بلے باز مزاحمت نہ کر سکا۔

حارث رؤف نے 4 اوورز کے کوٹے میں 27 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ زمان خان، عمادوسیم اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جیت کے لیے 193 رنز کا ہدف دیا ۔

کپتان نے 58 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ بابراعظم نے اننگز کی آخری دو گیندوں پر دو چکے لگا کر سنچری مکمل کی۔

Image

مستقل اوپننگ جوڑی بابر اور رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 99 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ رضوان نصف سنچری بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو پہ در پہ وکٹیں گرنے سے بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔

فخرزمان اور صائم ایوب بغیر کوئی اسکور کیے آؤٹ ہوئے جب کہ عمادوسیم بھی صرف 2 رنز پر چلتے بنے۔ چار وکٹیں جلد گنوانے کے بعد بابر اعظم اور افتخار نے اننگز کو سنبھالا۔

دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مجموعے کو 192 تک پہنچایا۔ افتخار احمد نے 19 گیندوں پر 33 رنز کی باری کھیلی جس میں 3 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 2، رویندرا اور نیشم نے 1، 1وکٹ حاصل کی۔

گرین شرٹس نے وننگ کمبی نیشن برقرار رکھتے ہوئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جب کہ نیوزی لینڈ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایڈم ملنےاور سوڈھی کی جگہ ہنری شپلے اور مک کونکی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

Image

ٹاس کے موقع پر بابراعظم کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے بڑا اسکور بنا کر کیویز کو دباو ٔمیں لائیں بولرز شاندار بولنگ کر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ گزشتہ میچ میں کیا ہوا وہ بھول کر آج بہتر کھیل دکھانا ہو گی۔

Comments

- Advertisement -