تازہ ترین

نیویارک میں 66 گھنٹے سے برفباری جاری، نظام زندگی منجمد

نیویارک : امریکا بدستور برفباری کی لپیٹ میں ہیں ، امریکی شہر نیویارک میں چھیاسٹھ گھنٹے سے جاری برفباری نے نظام زندگی منجمد کردیا ہے۔

تفصیلات شمالی امریکا میں ریکارڈ سردی نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں، جہاں برفانی طوفان بم کے بعد ہر شے منجمد ہے، نیویارک شہر میں چھیاسٹھ گھنٹے سے جاری برفباری نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے، شاہراہوں پربرف کے ٹیلے بن گئے جبکہ ٹریفک کا نظام مفلوج ہوگیا ہے۔

نیو یارک کے جان ایف کینیڈی ہوائی اڈے سے ہزاروں کی تعداد میں پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

بوسٹن میں بمب سائیکلون کے بعد سردی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، چارلز دریا جم گیا اور دور دور تک سفیدی ہی سفیدی چھا ئی ہے۔



آئندہ چوبیس گھنٹے میں شمالی کیلی فورنیا میں برفبانی طوفان کی پیش گوئی کردی ہے۔

اطلاعات کے مطابق شدید سردی سے اب تک امریکہ میں 22 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ کینیڈا میں مرنے والوں کی تعداد دو ہے۔

امریکہ کی نیشنل ویدر سروس کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں اتوار کی صبح درجۂ حرارت ریکارڈ منفی 17 سے 20 سینٹی گریڈ حد تک گرسکتا ہے۔ شدید سردی کے باعث واشنگٹن کے کئی تالاب اور فوارے منجمد ہوگئے ہیں۔

مشرقی کینیڈا کے اونٹاریو اور کیوبیک علاقوں میں درجہ حرارت منٖفی 50 ڈگری ہونے کی پیش گوئی کی گئی جبکہ ٹورنٹو ایئرپورٹ پر بھی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔

دوسری جانب یورپ میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اسپین میں برفباری کے باعث موٹر وے پر سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔

دنیا کے سب سے بڑے گرم ترین صحرا میں بھی برفباری سے ہر طرف سفیدی چھاگئی ، چالیس سال میں یہ تیسری بار سہارا ڈیسرٹ میں برف پڑی ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -