اشتہار

مصر: دہشت گردی کے الزامات، اخوان کے 35 ارکان کو عمر قید کی سزائیں

اشتہار

حیرت انگیز

قاہرہ: مصر میں فوجداری عدالت نے کالعدم مذہبی و سیاسی جماعت الاخوان المسلمون کے 35 مبینہ ارکان کو سیکیورٹی فورسز اور ریاستی اداروں پر حملے کے الزامات میں عمر قید کی سزائیں سنادیں۔

سہاج کی فوجداری عدالت نے اسی طرح کے مختلف الزامات میں ماخوذ 155 مدعاعلیہان کو قصور وار قرار دے کر تین سے 15 سال تک قید کی سزائیں سنائی ہیں۔

ان افراد پر سرکاری شخصیات اور سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل کی سازشوں میں ملوث ہونے اور ایک کالعدم گروپ (الاخوان المسلمون) میں شمولیت کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔

- Advertisement -

تمام ملزمان کو فوجداری عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے، ان کے علاوہ 124 مشتبہ مفرور ملزمان کے خلاف ان کی گرفتاری کے بعد ہی مقدمہ چلایا جائے گا۔

واضح رہے کہ مصر کی عدالتوں نے جولائی 2013ء میں مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے الاخوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع سمیت سیکڑوں رہنماؤں کو قید و پھانسی کی سزا سنائی گئی تھیں۔

خیال رہے کہ عالمی سطح پر فوجداری عدالتوں کے ان فیصلوں کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے اور بعض مبصرین نے ان سزاؤں کو انصاف کے قتل کے مترادف قرار دیا ہے۔

امریکا سمیت مختلف ممالک اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں الاخوان کے کارکنان کو مختلف الزامات میں قائم مقدمات میں سنائی گئی پھانسی کی سزاؤں پر کڑی تنقید کرچکے ہیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں