تازہ ترین

پاکستان میں پہلی بار تھیلیسمیا میں مبتلا بچی کا کامیاب آپریشن

لاہور: پاکستان میں پہلی بار تھیلیسمیا میں مبتلا بچی کا کامیاب آپریشن انجام پاگیا۔ متاثرہ بچی کی عمر صرف 5 سال ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھیلیسمیا میں مبتلا 5 سال کی بچی کا پاکستان میں پہلا کامیاب آپریشن انجام پا گیا۔ ڈاکٹر معاذ نے بچی کے پیٹ سے متاثرہ تلی نکال لی۔

5 سال کی بچی ایمن کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر وہاڑی سے ہے، بچی پیدائشی طور پر تھیلیسمیا کے مرض میں مبتلا تھی اور اسے ایک ہفتے میں 4 سے 5 مرتبہ خون تبدیل کروایا جاتا تھا۔

ڈاکٹرز کے مطابق بچی کی تلی 80 فیصد تک بڑھ چکی تھی تاہم اب کامیاب آپریشن کے بعد بچی کو اب ہفتے میں صرف ایک مرتبہ خون تبدیل کروانا ہوگا۔

بچی کا کامیاب آپریشن کیمرے کے ذریعے کیا گیا۔ یہ پہلی بار ہے جب پاکستان میں اتنی کم عمر بچی کی تلی نکالی گئی ہے۔

خیال رہے کہ خون کا مہلک مرض تھیلیسمیا موروثی مرض ہے جو والدین سے بچوں کو ملتا ہے۔ یہ مرض خون کے خلیوں کی ابنارملٹی کی علامت ہے جس کے باعث خون بننے کا عمل رک جاتا ہے۔

تھیلیسمیا کے مریضوں کو بار بار خون کی ضرورت پڑتی ہے۔

اس مرض کا شکار افراد اور بچے تھکے تھکے اور دیگر افراد کی نسبت غیر متحرک ہوتے ہیں۔ تھیلیسمیا کے باعث ان کی جلد زرد ہوجاتی ہے جبکہ انہیں ہڈیوں میں تکالیف کے امراض بھی لاحق ہوسکتے ہیں۔

پاکستان تھیلیسمیا سینٹر کے مطابق پاکستان میں ہر سال 5 ہزار بچے ایسے پیدا ہوتے ہیں جو تھیلیسمیا کا شکار ہوتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -