تازہ ترین

سگریٹ کے ٹوٹے سمندروں اور زمین کی آلودگی کا سبب

ہماری زمین اور سمندروں میں پلاسٹک کی آلودگی میں بے تحاشہ اضافہ ہو چکا ہے جس کو دیکھتے ہوئے اب پلاسٹک پر پابندی عائد کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

دنیا بھر میں پلاسٹک کی چھوٹی چھوٹی اشیا سے لے کر بڑی اشیا کے کم سے کم استعمال اور ان کی جگہ ماحول دوست اشیا کے استعمال کو فروغ دیا جارہا ہے۔

تاہم ہماری زمین اور خاص طور پر سمندروں کو آلودہ کرنے والی ایک شے ایسی بھی ہے جسے اب تک نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔

یہ شے کچھ اور نہیں بلکہ استعمال شدہ سگریٹ ہیں جن کے پھینکے جانے والے حصے میں فلٹر موجود ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: سگریٹ نوشی جسم کو کیسے تباہ کرتی ہے؟

ماہرین کے مطابق یہ پھینکے جانے والے فلٹرز ماحول کو بھی آلودہ کرنے کا سبب بن رہے ہیں کیونکہ ان میں معمولی سے پلاسٹک کی آمیزش ہوتی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فلٹرز صحت کے لیے بھی کوئی معنی نہیں رکھتے۔ سگریٹ کا زہریلا اور خطرناک دھواں ان فلٹرز کے ساتھ یا ان فلٹرز کے بغیر یکساں صورت میں انسانی جسم میں داخل ہوتا ہے۔

ماہرین ماحولیات کے مطابق گزشتہ چند سال سے اس طرف توجہ دی جارہی ہے اور جب سے ساحلوں پر سگریٹ کے استعمال شدہ ٹکڑے اٹھانے کا سلسلہ شروع ہوا ہے تب سے چند سال میں 6 کروڑ ٹکڑے اٹھائے جاچکے ہیں۔

Comments

- Advertisement -