تازہ ترین

افغان صوبے بادغیس میں جھڑپیں، 36 فوجی، 30 طالبان جنگجو ہلاک

کابل: افغان صوبے بادغیس میں خونریز جھڑپوں کے دوران 36 فوجیوں سمیت 30 طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان صوبے بادغیس کے ضلع بالا مرغاب میں طالبان عسکریت پسندوں اور ملکی فوج کے درمیان جھڑپوں کے دوران 36 افغان فوجی ہلاک ہوگئے، عسکریت پسندوں نے کئی چیک پوسٹوں پر بھی قبضہ کرلیا جبکہ جھڑپوں میں 30 سے زائد طالبان بھی مارے گئے۔

طالبان کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالا مرغاب پر حملہ چار سمتوں سے کیا گیا۔

افغان صوبے بادغیس کے ضلع بالا مرغاب میں طالبان عسکریت پسندوں اور ملکی فوج کے درمیان شدید جھڑپوں کی ضلعی گورنر وارث شہرزاد نے تصدیق کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سینکڑوں طالبان جنگجوں نے بالا مرغاب پر بدھ کی رات کو دھاوا بولا تھا اور تب سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید پڑھیں: افغانستان: طالبان کا دہشت گرد حملہ، 20 سے زائد فوجی اہلکار ہلاک

واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان صوبے بادغیس میں قائم فوجی اڈے پر طالبان نے حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 20 سے زائد فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں داعش خراسان کا اہم رہنما مولوی سلیمان چار ساتھیوں کے ہمراہ مارا گیا تھا۔ جبکہ طالبان کا حملہ جوابی کارروائی ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں افغانستان میں طالبان جنگجوؤں کے حملے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے تھے۔

Comments

- Advertisement -