تازہ ترین

لندن میں بی بی سی، سی این این کے دفاتر کے باہر کشمیر کے حق میں احتجاج

لندن: برطانوی نشریاتی ادارے(بی بی سی) کے ہیڈ کوارٹر اور امریکی چینل سی این این کے دفتر کے باہر کئی مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر کے حق میں احتجاج کیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بحران کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا اداروں کے دفتر کے باہر جمع مظاہرین نے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے اور بی بی سی جاگ جا، سی این این جاگ جااور ہمیں آزادی چاہیے کے نعرے لگائے۔

متعدد مظاہرین کا کہنا تھا کہ بی بی سی کو چلانے کے لیے ان کے ٹیکس کے پیسے استعمال کیے جاتے ہیں تاہم مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی پامالی کو نمایاں نہیں کیا جارہا۔

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے محبوب چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم ٹیکس دہندگا ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ہمارے پیاروں کے ساتھ کیا ہورہا ہے، یہ جاننا ہمارا حق ہے، بی بی سی اس معاملے کو نظر انداز کر رہا ہے اور یہی کام سی این این بھی کر رہا ہے۔

مظاہرے میں شامل ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی پامالی پر خبریں نہ دے کر میڈیا بھارتی اقدامات کا احتساب کرنے کی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا ہے۔

بی بی سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بی بی سی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر رپورٹنگ کی ہے، دیگر نشریاتی اداروں کی طرح ہم بھی سخت پابندیوں کے باوجود کام کر رہے ہیں اور ہم غیر جانبدارانہ طور پر اور خبریں دیتے رہیں گے۔

Comments

- Advertisement -