تازہ ترین

سعودی عرب میں آزاد ویزے کا وجود ہے یا نہیں؟ حقیقت سامنے آگئی

ریاض: سعودی عرب کا آزاد ویزا حاصل کرنے کے نام پر دھوکہ کھانے والے غیرملکی ہوشیار ہوجائیں، مملکت میں آزاد ویزے کا کوئی تصور ہی نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایشیائی ممالک میں دھوکے باز ٹریول ایجنٹس سادہ لوح افراد کو فریب دے کر خودساختہ آزاد ویزے کا تصور پیش کرتے ہیں جس کے بعد لاکھوں روپے اینٹھ کر شہریوں کی زندگی کھائی میں دھکیل دی جاتی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں صرف ورک ویزا فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی ویزے فراہم کیے جاتیں ہیں جس میں مختلف نوعیت کے سخت شرائط پیوست ہوتے ہیں، جبکہ آزاد ویزے کا سرے سے تصور ہی نہیں ہے۔

لہذا ایسے افراد جو سعودی عرب میں ملازمت کے خواہش مند ہیں وہ پہلے مصدقہ اور لائیسنس یافتہ ٹریول ایجنٹس سے رابط کریں تاکہ جھوٹے دعووں اور جعل سازی سے بچا جاسکے۔ ایسے بہت سے واقعات سامنے آچکے ہیں جہاں آزاد ویزے کے نام پر گاؤں دیہات کے سادہ افراد لاکھوں روپے دے کر سعودی عرب پہنچے لیکن زندگی اجیرن ہوگئی۔

ایجنٹوں کے ہاتھوں آزاد ویزا کے نام پر دھوکہ کھانے والے ایک متاثرہ شخص کا کہنا تھا مجھے کہا گیا سعودی عرب جاکر کہیں بھی ملازمت کرسکتے ہیں، جس کی مد میں 5 لاکھ ادا کیے، لیکن جب یہاں پہنچا تو کہانی ہی الٹ تھی، میرا ویزا کسی دور دراز گاؤں کے چرواہے کا لگایا گیا تھا، تاہم اس مشکل مرحلے میں ایک ہم وطن نے مدد کی۔

خیال رہے کہ سعودی قوانین کے تحت غیرملکیوں کو ورک ویزا فراہم کیا جاتا ہے، ورک ویزے پر آنے والوں کے لیے اس امر کی پابندی ہوتی ہے کہ وہ اپنے اسپانسر (کفیل ) کے پاس ہی کام کریں، دوسری جگہ کام کرنے والے غیر قانونی تارکین تصور کیے جاتے ہیں، اور اس قانون کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ ہوتا ہے۔

Comments

- Advertisement -