تازہ ترین

وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت، وزیر خارجہ ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے، دورے کے دوران اہم ملاقاتیں ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے۔ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تہران میں ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے۔ وہ کل سعودی عرب کا دورہ کریں گے جہاں وہ سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کریں گے۔

دورے کے دوران اہم ملاقاتوں میں ایران امریکا کشیدگی سمیت علاقائی امن و استحکام سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

روانگی سے قبل وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و سلامتی کو لاحق خطرات پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، ملاقات میں حالیہ صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی حمایت کی جائے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے چند روز قبل، ایران امریکا کشیدگی کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکہ اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت کی تھی۔

وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی متعلقہ ممالک کے فوجی سربراہان سے رابطوں کی ہدایت کی تھی۔

وزیر اعظم نے کہا تھا کہ وزیر خارجہ اور آرمی چیف واضح پیغام دیں کہ پاکستان اب کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، پاکستان امن کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

Comments

- Advertisement -