تازہ ترین

مسلمانوں پر مظالم : مودی حکومت بے نقاب، حقائق منظرعام پر آگئے

نئی دہلی : انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے مودی حکومت کا چہرہ بے نقاب کردیا، ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت میں مسلمان خطرات کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں مودی حکومت کی جانب سے مسلمانوں پر کیے جانے مظالم سے متعلق ہیومن رائٹس واچ نے رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال2014سےاب تک بی جے پی حکومت میں مسلمان مختلف خطرات کا شکار ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مودی سرکار کی پالیسی خاص طور پر مسلمانوں کے خلاف ہے، مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، کشمیریوں کے احتجاج کو دبانے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں مزید فوجی تعینات کئے گئے، مقبوضہ وادی میں ہزاروں افراد کو گرفتار کر کے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کیخلاف اشتعال انگیز تقریریں کرنے والے بی جے پی کے کسی رہنما کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ اس کے برعکس مودی حکومت کی پالیسی اور اس کے اقدامات پر تنقید کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا۔

ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات میں3روز میں52افراد مارے گئے اس دوران 200 افراد زخمی ہوئے، پر تشدد ہنگاموں کے دوران اپنے گھروں سے محفوظ مقام پر منتقل ہونے والے مسلمان خاندانوں کو ہندو ہجوم نے اپنی بربریت کا نشانہ بنایا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہلی میں خواتین نے مسلمانوں کیخلاف شہریت کے امتیازی قانون کیخلاف احتجاج کیا، بی جے پی رہنماؤں نے اسے بغاوت اور بھارت دشمن اور پاکستان کی حمایت قرار دیا، بی جے پی رہنماؤں نے مظاہرین کے لئے غداروں کو گولی مارو کے نعرے لگائے۔

Comments

- Advertisement -