تازہ ترین

مشکل مالی صورتحال، وزیر اعظم کا کابینہ اخراجات میں کمی کا حکم

اسلام آباد: ملک میں کرونا وبا کی وجہ سے مشکل مالی صورت حال کے باعث وزیر اعظم عمران خان ایک بار پھر کفایت شعاری کے لیے متحرک ہو گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے کابینہ ڈویژن کے اخراجات میں کمی کا حکم دے دیا ہے، وزیر اعظم کے احکامات سے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو آگاہ کر دیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ مالی سال میں کابینہ ڈویژن کے ماتحت اداروں کے اخراجات کم سے کم رکھے جائیں، مشکل مالی معاملات کے پیش نظر کفایت شعاری مہم کو یقینی بنایا جائے، اور زائد اخراجات میں ہر ممکن حد تک کمی لائی جائے۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن کی جانب سے تجویز کردہ بجٹ پر نظر ثانی کی جائے گی۔

دریں اثنا، وزیر اعظم کی زیر صدارت بجٹ مالی سال 21-2020 سے متعلق اجلاس میں حکومتی معاشی ٹیم نے بجٹ محصولات، اخراجات و دیگر امور پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کرونا کی وجہ سے ہر طبقہ متاثر ہے، وبا سے معاشی استحکام اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششیں متاثر ہوئیں، اب روزگار کے لیے شعبوں کو خصوصی طور پر فروغ دینا حکومت کی ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا غیر ضروری اخراجات میں کٹوتی حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے، اس پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، حکومت کی جانب سے سبسڈی درحقیقت عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ہے، ضرورت ہے کہ اس پیسے کے بہترین اور مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے، اور حق داروں تک ان کا حق پہنچانے کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔

انھوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ عوام پر غیر ضروری بوجھ کو کم کرنے اور انھیں ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔

Comments

- Advertisement -
عبدالقادر
عبدالقادر
عبدالقادر پچھلے 8برس سے اے آر وائی نیوز میں بطور سینئر رپورٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے جڑی خبروں اور سیاسی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔