تازہ ترین

کمشنر جدہ کی بغیر لائسنس کارخانوں کیخلاف سخت کارروائی

جدہ: کمشنر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجد نے شہر میں بغیر لائسنس والے کارخانوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر جدہ نے شہر کے رہائشی علاقوں میں واقع ایسے کارخانوں کے خلاف کارروائی حکم جاری کیا ہے جن کے پاس لائسنس نہیں ہیں۔

اس حوالے سے کمشنر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجد نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ اس قسم کے کارخانوں کو انڈسٹریل سٹی منتقل کرائیں اور قانونی ضوابط پر عمل درآمد کرائیں۔

شہزادہ مشعل بن ماجد نے کہا کہ آبادی میں غیر قانونی کارخانوں کی موجودگی سے ماحول کو نقصان پہنچ رہا ہے، اس سے سماجی، اقتصادی اور سیکیورٹی کے مسائل کھڑے ہو رہے ہیں۔

کمشنر جدہ نے خبردار کیا کہ بغیر لائسنس والے کارخانوں کے خلاف کارروائی سے متعلق کمیٹی کی کارکردگی پر وہ خود نظر رکھیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کمشنر جدہ نے ایک میٹنگ کی تھی جس میں مشیر گورنر مکہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن حلوی، جدہ کمشنری کے سیکریٹری، جدہ میونسپلٹی، جدہ ایوان تجارت، جدہ پولیس، محکمہ شہری دفاع، بجلی کمپنی، نیشنل واٹر کمپنی اور ازالہ تجاوزات کمیٹی کے افراد شریک ہوئے تھے۔

Comments

- Advertisement -