تازہ ترین

روس کی ثالثی : آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط

آذربائیجان کے ساتھ جنگ میں آرمینیا نے پسپائی اختیار کرتے  ہوئے روس کی ثالثی میں مکمل جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کر دیئے، روسی صدر کا کہنا ہے کہ جنگ بندی پر عملدرآمد آج رات سے شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آرمینیا نے بالآخر نگورنو اور کاراباخ میں شکست تسلیم کرلی، آرمینیا کا آذربائیجان کے ساتھ مکمل جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا۔

اس حوالے سے آذربائیجان کے صدر نے معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی معاہدے کا حصہ دار ہوگا، آرمینیا نگورنو کاراباخ سمیت کئی علاقوں سے دستبردار ہوجائے گا، معاہدے کے مطابق قبضے میں لئے گئےعلاقوں پر آذربائیجان کا قبضہ برقرار رہے گا۔

آرمینیا کے وزیرِاعظم کہتے ہیں نگورنو کاراباخ معاہدہ تکلیف دہ ہے لیکن دفاعی ماہرین سے زمینی حقائق جاننے کے بعد روس کی ثالثی میں جنگ ختم کرنے کا معاہدہ کیا۔

دوسری جانب آرمینیا کے شہریوں نے معاہدے کو مسترد کردیا اور وزیر اعظم کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، مشتعل مظاہرین نے سرکاری عمارتوں اوراملاک کو نقصان پہنچایا۔ پولیس سے جھڑپوں میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو جنگ سے روکنے کے لیے متنازع علاقے میں روسی فوج کے امن دستےتعینات ہوں گے۔

واضح رہے کہ سال 1994 میں دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدے کے بجائے جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا۔ اس سال ستمبر میں ایک بار پھر جنگ شروع ہونے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدے ہوئے لیکن سب ناکام رہے۔

Comments

- Advertisement -