تازہ ترین

اسپین: 22 افراد کو کرونا کا مریض بنانے والا گرفتار

میڈرڈ: اسپین میں قصداً کرونا وائرس پھیلانے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپین کے جزیرہ مالورکا پر ایک نہایت غیر ذمہ دار 40 سالہ شخص نے 22 افراد کو کرونا کا مریض بنا دیا، جس پر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص پورے جزیرے پر وبا پھیلنے کا سبب بنا۔

رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص کو کھانسی اور 104 بخار تھا، لیکن اس کے باوجود وہ گھر پر آرام کرنے کی بجائے کام اور جم پر جاتا رہا، نتیجتاً نہ صرف 22 افراد کو کرونا وائرس سے متاثر کر دیا بلکہ پورے جزیرے میں اس وبا کو پھیلانے کا سبب بنا۔

گرفتار ہونے والے شخص کے منیجر کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف اپنا ماسک اتار دیتا تھا بلکہ مذاقاً ساتھیوں پر کھانستا بھی تھا، جس کی وجہ سے دیگر افراد کرونا مثبت ہو گئے، وہ ساتھیوں سے کہتا بھی تھا کہ میں تم سب کو کرونا کا مریض بنا دوں گا۔

مذکورہ شخص نے کام کی جگہ پر 5 افراد کو، جم میں 3 ساتھیوں کو، اور مزید 14 افراد کو فیملی میں کرونا وائرس منتقل کیا جس میں 3 ایک سالہ بچے بھی شامل تھے۔

ہفتے کو ہسپانوی پولیس نے جاری بیان میں کہا کہ مذکورہ شخص میں کئی دن سے علامات نمودار ہو چکی تھیں، لیکن اس نے کام کی جگہ سے گھر جانے سے انکار کر دیا تھا۔ ایک شام اس نے پی سی آر ٹیسٹ کیا اور اگلے دن وہ نہ صرف کام پر گیا بلکہ جم بھی گیا، جب کہ ٹیسٹ کا نتیجہ آنا تھا۔

بعد ازاں، گرفتار کیے جانے والے شخص کے پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ نے ثابت کر دیا کہ وہ کرونا کا مریض ہے مگر اس وقت تک دیگر افراد متاثر ہو چکے تھے، تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ گرفتار ہونے والے شخص نے کرونا میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنی بیماری چھپائی اور دوسروں کو متاثر کرنے کا سبب بنا، پولیس کے مطابق اس کی وجہ سے یہ وبا جزیرے پر بھی پھیلی۔

Comments

- Advertisement -