اشتہار

حکومت کا بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: حکومت نے بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سربراہ نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورنا ویکسین عوام تک پہنچانے کے لیے بڑی مہم شروع کررہے ہیں، جون اور جولائی تک دو کروڑ ویکسین پاکستان پہنچ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ملک بھر میں کورونا وبا کے پھیلاؤ میں کمی نظر آرہی ہے، کورونا سے بچاؤ کا واحد حل ویکسینیشن ہے، ہمیں ویکسینیشن پر زیادہ توجہ دینا ہے، مجموعی طور پر اب تک 70 لاکھ سے زائد ویکسینیشن ہوچکی ہے، رواں سال کے آخر تک 7 کروڑ تک ویکسینیشن چاہتے ہیں، چاہتے ہیں عید سے پہلے ایسی صورت حال پر پہنچیں کہ بندشیں نہ کرنا پڑیں۔

- Advertisement -

اسد عمر نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں پڑوسی ممالک جیسی صورت حال کا سامنا نہیں کرنا پڑا، صوبوں میں ویکسینیشن مراکز میں اضافہ کیا ہے، گزشتہ روز پہلی مرتبہ ایک دن میں تین لاکھ 83 ہزار ویکسین لگائی گئیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ کورونا ویکسین خریدنے کی ذمہ داری وفاق اٹھا چکا ہے، وفاق مفت ویکسین فراہم کررہا ہے اور آئندہ بھی کرے گا، ہمیں ویکسینیشن کی استعداد مزید بڑھانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا اب بھی ختم نہیں ہوئی ہے، پھیلاؤ کم ہوا ہے، سندھ میں کورونا کا پھیلاؤ زیادہ ہے احتیاط زیادہ کرنا ہوگی، احتیاط کی ضرورت اب بھی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ دنیا نے تعریف کی پاکستان کورونا وبا سے بچنے میں بہت کامیاب رہا، بروقت فیصلوں کی وجہ سے معیشت بھی چلی اور وبا سے بھی نمٹے، ہم چاہتے ہیں بندشیں ختم ہوں اور کاروبار چلے، حکمت عملی اس وقت کامیاب ہوگی جب ہر پاکستانی تعاون کرے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں