تازہ ترین

امریکا: مالک نے بہترین ملازمہ کو دکان کتنے میں فروخت کی؟ لوگ حیران

کنیکٹیکٹ: امریکا میں ایک سیلون کے مالک نے بہترین ملازمہ کو دکان اتنی قیمت میں فروخت کی کہ لوگ جان کر حیران رہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کنیکٹیکٹ میں ایک چلتے ہوئے سیلون کے مالک نے پورا کاروبار اپنی بہترین ملازمہ کو صرف ایک ڈالر میں فروخت کر دیا۔

ریاست کے شہر نیو ہیون میں واقع ایک سیلون کے مالک پائیو امپیراٹی نے ملازمہ کیتھی مورا کو اپنا سیلون فروخت کیا، اور اس سے محض اعزازی قیمت وصول کی، جو کہ 1 ڈالر تھی۔

کیتھی مورا نامی ملازمہ ٹیکنیکل ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد 15 برس قبل اٹلی ہیئر سیلون سے وابستہ ہوئی تھیں۔

32 سالہ مورا نے بتایا کہ جب وہ ہائی اسکول سے باہر آئیں تو انھوں نے سوچا کہ کوئی بھی انھیں تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے ملازم نہیں رکھے گا، لیکن پھر انھیں پائیو امپیراٹی کا نمبر ملا اور رابطے کے بعد انھوں نے ملازم رکھ لیا، مورا نے کہا اس کے بعد ہم دونوں ایک خاندان کی طرح کام کرتے رہے۔

79 سالہ پائیو امپیراٹی نے اس حوالے سے بتایا کہ مورا بہت اچھی ہیئر ڈریسر ہیں، ان کے اخلاق بھی بہت اعلیٰ ہیں، اسی لیے میں نے اپنی دکان ان کے ہاتھوں ایک ڈالر میں فروخت کر دی ہے، ہم آگے بھی دوست رہیں گے۔

خیال رہے کہ کیتھی مورا ایک ایسی دکان کی مالک بن گئی ہیں جو ہزاروں ڈالر مالیت کی ہے، جس میں قیمتی سامان اور بہت سارے گاہک بھی ان کی جھولی میں آگئے ہیں، تاہم وہ اس کا کرایہ اپنے پرانے مالک کو دیتی رہیں گی، جب کہ پایئو ایک آزادانہ ٹھیکے دار رہیں گے۔

Comments

- Advertisement -