تازہ ترین

خبردار! ہیٹ ویو، سیلاب اور خشک سالی کے لیے تیار رہیں

جنیوا: اقوام متحدہ کے ماحولیات سے متعلق ایک ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر کے لوگ ہیٹ ویو، سیلاب، بارشوں اور خشک سالی کے لیے تیار رہیں۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ماحولیاتی ادارے بین الحکومتی پینل (IPCC) نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ دنیا کو ہیٹ ویو، سیلاب، بارشوں اور خشک سالی کا سامنا کرنا پڑے گا، اور یہ ماحولیاتی تبدیلی انسانی بقا کے لیے خطرناک ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی درجہ حرارت 2030 تک 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے جب کہ عالمی حدت میں انسانوں کا کردار حد سے زیادہ اور واضح ہے، اقوام متحدہ کے سائنس دانوں کے مطابق انسان دنیا کے ماحول پر بری طرح سے اثر انداز ہو رہا ہے اور اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ جس حساب سے گیسز کا اخراج جاری ہے ایک عشرے میں درجۂ حرارت کی حد کے تمام ریکارڈ ٹوٹ سکتے ہیں اور اس صدی کے اختتام تک سمندر کی سطح میں 2 میٹر تک اضافے کے خدشے کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں یہ دنیا کی اب تک کی سب سے بڑی رپورٹ ہے، جسے جلد شائع کیا جائے گا ، جس میں ہماری زمین کی حالت کی واضح حقیقت بیان کی جائے گی۔ یہ مطالعہ بین الحکومتی پینل کی طرف سے کیا گیا ہے جس نے 14 ہزار سے زائد سائنسی مقالوں کو پڑھا۔

آنے والی دہائیوں میں گلوبل وارمنگ دنیا کو کس طرح بدل دے گی، یہ رپورٹ اس کا تازہ ترین جائزہ ہوگی۔

Comments

- Advertisement -